0
Sunday 11 Nov 2012 21:19

پاکستان کو امریکہ سے نجات دلانے کیلئے منظم تحریک چلائیں گے، آزاد پاکستان کانفرنس

پاکستان کو امریکہ سے نجات دلانے کیلئے منظم تحریک چلائیں گے، آزاد پاکستان کانفرنس
رپورٹ: سید محمد ثقلین 

ملتان کی سرزمین پر پاکستان سنی تحریک کی جانب سے پہلی بار اپنی تنظیمی اور تحریکی کارکردگی کا اظہار کیا گیا، اب تو ہر جماعت چاہتی ہے کہ اگر اُس کا کوئی جلسہ ملتان میں ہو تو وہ صرف اور صرف سپورٹس گرائونڈ میں ہو۔ لیکن جس طرح یہ خواہش ہر جماعت کی ہے اُسی طرح یہ بات بھی ہر جماعت کے لیے باعث پریشانی ہے کہ آخر سپورٹس گرائونڈ کے پیٹ کو کیسے بھرا جائے، پچھلے کچھ عرصہ میں اس گرائونڈ پر پاکستان تحریک انصاف، مسلم لیگ ن، متحدہ قومی موومنٹ، جماعت اسلامی، دفاع پاکستان کونسل، مجلس وحدت مسلمین اور جماعتہ الدعوۃ کے پروگرام ہو چکے ہیں، لیکن دیکھنے میں آیا ہے کہ کسی جماعت نے گرائونڈ کو آدھا کردیا تو کسی نے اپنی عزت بچانے کی خاطر گرائونڈ میں چھوڑ دیا اور پتہ نہیں کہ کیا کیا گیا۔ 

بہرحال پاکستان سنی تحریک نے اُس وقت ملتان میں آزاد کانفرنس کی جب جماعت اہلسنت راولپنڈی سے لانگ مارچ لے کر کراچی کی جانب رواں دواں تھی، ملتان میں آزاد پاکستان کانفرنس میں علمائے کرام اور سنی تحریک کے مقامی عہدیدار ریلیوں اور جلوسوں کی شکل میں پہنچتے رہے، جلوسوں میں سنی تحریک اور علماء مشائخ کی بڑی تعداد موجود تھی، جلسہ گاہ کو صبح سے ہی پنجاب پولیس اور ایلیٹ اہلکاروں نے اپنی تحویل میں لیا ہوا تھا، اس کے علاوہ پاکستان سنی تحریک کے سینکڑوں رضا کاروں نے جلسہ گاہ کو چاروں طرف سے اپنے حصار میں لیا ہوا تھا، جلسہ گاہ کی طرف جانے والے تمام راستے ٹریفک پولیس نے صبح ہی سے بند کردیے تھے، سپورٹس گرائونڈ کے مرکزی گیٹ پر سکیورٹی کے لیے پانچ واک تھروگیٹ نصب کئے گئے تھے، جلسہ گاہ کو چاروں طرف سے سنی تحریک کے پرچموں اور بینرز سے سجایا گیا تھا۔
 
جلسہ گاہ میں کارکن وقفے وقفے سے تنظیمی نعرے لگاتے رہے اور وقفہ وقفہ سے مائیک سے تنظیمی نعرے بھی چلائے گئے، پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری کو بُلٹ پروف گاڑی میں سخت حصار اور پہرے میں جلسہ گاہ لایا گیا، ثروت اعجاز قادری کے اسٹیج پر پہنچنے سے شرکاء جلسہ نے کھڑے ہوکر اُن کا بھرپور استقبال کیا۔ جلسہ عام سے پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری، سابق وفاقی وزیر سید حامد سعید کاظمی، سنی تحریک کے دیگر رہنمائوں شاہد غوری، شاداب رضوی، مفتی لیاقت علی رضوی، سید مجاہد رسول قادری، ممتاز احمد صادقی، محمد طارق قادری، قاری امان اللہ پسروری اور مفتی طاہر نے بھی خطاب کیا، آزاد پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ وطن عزیز اس وقت تک گھمبیر صورتحال سے نہیں نکل سکتا جب تک ملک میں موروثی سیاستدان باقی ہیں، دہشت گردی، لاقانونیت، مہنگائی، بے روزگاری، بیرون ملک امریکی مداخلت کا خاتمہ کر کے ہی آزاد پاکستان کا تصور کیا جاسکتا ہے۔ 

کانفرنس سے مرکزی خطاب کرتے ہوئے سنی تحریک کے مرکزی سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک ملک بھر سے عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور ملک میں رائج بوسیدہ نظام کو ہمیشہ کے لیے دفن کردیں گے، یہود و ہنود چاہتے ہیں کہ ہمارے مقدس ملک پاکستان میں علامہ محمد اقبال کے نظریات اور افکار کو پروان نہ چڑھنے دیا جائے، اُنہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک مادر وطن کو امریکہ سے نجات دلانے کے لیے ایک منظم تحریک چلائے گی، ثروت اعجاز قادری نے مزید کہا کہ بلوچستان، کراچی، گلگت، بلتستان اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے جاری قتل غارت گری کا بازار بند کیا جائے۔
 
اُنہوں نے کہا کہ سنی تحریک کسی سیاسی جماعت کو سندھ یا پنجاب کا کارڈ استعمال نہیں کرنے دے گی، پاکستان میں نام نہاد طالبان اسلامی اقدار کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہے ہیں، وزیرستان مین چھپے ہوئے دہشت گردوں کی حمایت کرنے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان سنی تحریک پاک فوج کے ساتھ ہے اگر وزیرستان میں چھپے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں تاخیر کی گئی تو قوم پاک افواج پر بھی اُنگلی اُٹھائے گی۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دہشت گردوں نے حکومت کو یرغمال بنا رکھا ہے حکومتیں اُنہیں سہولتیں فراہم کر رہی ہیں، کیونکہ ان کے اکابرین حکومتی ایوانوں میں ہیں۔
 
ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں ہزاروں جانوں کے ضیاع کے باوجود ابھی تک مولانا فضل الرحمان نے کوئی بیان نہیں دیا، وزیر داخلہ سینکڑوں کی تعداد میں دہشت گردوں کے پکڑنے کا اعتراف کر چکے ہیں لیکن ابھی تک کسی کو منظرعام یا سزاء نہیں دی گئی، پاکستان میں ڈرون حملے اقوام متحدہ کے امن چارٹر کی نفی کرتی ہیں، اُنہوں نے پاکستان حکومت اور فوج سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کی توہین کرنے والے ڈرون کو مار گرایا جائے، بھارت امریکی آشیر باد پر بلوچستان اور کراچی کو غیرمستحکم کرنے کا شیطانی کھیل کھیل رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 210925
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش