QR CodeQR Code

کوئی شیعہ سنی کو ختم کرسکتا ہے نہ سنی شیعہ کو

اللہ اور اسکے رسول (ص) کی محبت ہمیں تمام مسائل سے نجات دلا سکتی ہے، قاضی حسین احمد

11 Nov 2012 13:50

اسلام ٹائمز: عالمی اتحادِ امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کے صدر کا کہنا تھا کہ ہمارے درمیان مشترکات بہت ہیں جن پر ہم اکھٹے ہوسکتے ہیں اور اکھٹے ہیں، آج پاکستان، ایران، عراق، افغانستان، سمیت ہر ملک میں فساد پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل کے صدر قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ آج امت مسلمہ کئی مسائل سے دوچار ہے، کہیں پر فرقہ ورایت کو ہوا دی جا رہی ہے تو کہیں پر علاقائیت کے نام پر لڑایا جارہا ہے، کہیں نسلی بنیادوں پر تو کہیں علوی اور سنیوں کو لڑایا جا رہا ہے، عالم اسلام میں اس وقت جنگ اور فساد برپا ہے، ہمیں یہ چیز ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ نہ سارے شیعہ سنی بن سکتے ہیں اور سنی شیعہ، نہ کوئی شیعہ کو ختم کرسکتا ہے اور نہ سنی شیعہ کو، اس لئے ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ آج پاکستان، ایران، عراق، افغانستان سمیت ہر ملک میں فساد پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے کنونشن سنٹر میں عالمی اتحاد امت کانفرنس کے خطبہ استقبالیہ کے دوران کیا۔

قاضی حسین احمد کا کہنا تھا کہ ہمارے درمیان مشترکات بہت ہیں، جن پر ہم اکھٹے ہوسکتے ہیں اور اکھٹے ہیں، جو عناصر امت کو تقسیم کرتے ہیں ان پر نظر رکھنی ہوگی۔ ہم سب مسلمان ہیں، اللہ اور اس کے رسول(ص) کی محبت ہمارا مرکز ہے، اگر ہم نے اس روگردانی کی تو ہم تقسیم ہو جائیں گے اور کہیں کے بھی نہیں رہیں گے، فرقہ کی محبت، زبان کی محبت، علاقہ کی محبت کبھی ہمارے کام نہیں آئے گی، اگر کوئی چیز ہمیں بچا سکتی ہے تو وہ اللہ کی محبت ہے۔ حضرت محمد (ص) کی حیات طیبہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔


خبر کا کوڈ: 210961

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/210961/اللہ-اور-اسکے-رسول-ص-کی-محبت-ہمیں-تمام-مسائل-سے-نجات-دلا-سکتی-ہے-قاضی-حسین-احمد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org