0
Monday 12 Nov 2012 01:52

مدثر رضا شیرازی کو جے ایس او گلگت ڈویژن کا نیا میر کارواں منتخب کرلیا گیا

مدثر رضا شیرازی کو جے ایس او گلگت ڈویژن کا نیا میر کارواں منتخب کرلیا گیا
اسلام ٹائمز۔ جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان گلگت ڈویژن کے زیر اہتمام دوسرا ڈویژنل تنظیمی کنونشن مرکزی جامع امامیہ مسجد گلگت میں منعقد ہوا۔ جس میں علاقہ بھر سے جعفریہ طلباء اور مختلف مذہبی، سیاسی اور طالب علم رہنماؤں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کنونشن کے دوران نئے تنظیمی سیشن کے لئے مدثر رضا شیرازی کو جے ایس او گلگت ڈویژن کا نیا میر کارواں چنا گیا۔ شیعہ علماء کونسل کے صدر شیخ مرزا علی نے نو منتخب صدر سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ تنظیمی کنونشن کے دوران شیعہ علماء کونسل کے صدر شیخ مرزا علی، گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے ممبر دیدار علی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ عصر حاضر کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے حصول علم کے ساتھ ساتھ تزکیہ نفس اور اخلاقی، دینی، فکری و نظریاتی تربیت کو بھی اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں اور مغربی ثقافتی یلغار کا مقابلہ کرنے کے لئے طلبہ شعور و کردار کے ہتھیاروں سے لیس ہوکر اپنی زندگی محمد و آل محمد کے سانچے میں ڈھالیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک عزیز پاکستان بالخصوص کراچی، کوئٹہ، پارہ چنار اور گلگت بلتستان میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ ملک و اسلام دشمن عنا صر کی استحکام پاکستان کے خلاف سوچی سمجھی سازش ہے جو واضح کرتا ہے کہ ملک میں کوئی شیعہ سنی مسئلہ اور فرقہ واریت نہیں ہے بلکہ ایک مخصوص شدت پسند گروہ کا منظم نیٹ ورک مخصوص فرقے کی ٹارگٹ کلنگ اور ملک عزیز میں فسادات کو ہوا دینے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی نئے ناموں سے جاری شر انگیز سرگرمیوں کا سختی سے نوٹس لیا جائے اور پورے ملک سمیت گلگت بلتستان میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔ مقررین نے گلگت بلتستان کے مختلف سرکاری اداروں میں ملازمتوں کی بندر بانٹ اور میرٹ کے برعکس کی جانے والی بھرتیوں کو باصلاحیت نوجوانوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے متراد ف قرار دیتے ہوئے میرٹ کی بالادستی کو قائم رکھنے کا بھی مطالبہ بھی کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 211123
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش