QR CodeQR Code

دونوں خطوں کے درمیان تجارت مسئلہ کشمیر کے حل میں معاون ثابت ہوگی، سردار عتیق

13 Nov 2012 12:25

اسلام ٹائمز:استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم کانفرنس کے صدر کا کہنا تھا کہ کارگل سے چھمب تک آمدورفت اور تجارت کے راستے کھولے جائیں۔ عالمی برادری کشمیر کے دونوں حصوں میں ترقی کے لیے مشترکہ فنڈز قائم کرے۔


اسلام ٹائمز۔ آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیراعظم اور مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ کشمیر کے دونوں اطراف میں آمدورفت اور تجارت کی بحالی مسئلہ کشمیر کے حل میں معاون ثابت ہوگی۔ دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے کارگل سے چھم تک آمدورفت اور تجارت کے تمام راستے کھولے جائیں۔ مسئلہ کشمیر کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ سندھ طاس معاہدہ اور کھیم کیرن کے تنازعات ثالثی کے ذریعے حل ہو سکتے ہیں تو مسئلہ کشمیر ثالثی اور مذاکرات کے ذریعے کیوں حل نہیں ہو سکتا۔ انھوں نے کہا کہ عالمی برادری کشمیر کے دونوں حصوں میں ترقی کے لیے مشترکہ فنڈز قائم کرے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مقبوضہ کشمیر سے آئی ہوئی خواتین کے استقبال میں مسلم کانفرنس کی جانب سے دیئے گئے اسقتبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

استقبالیہ سے خطاب میں سردار عتیق کا کہنا تھا کہ امریکہ اور عالمی برادری کی معاونت سے مسئلہ کشمیر کا مذاکراتی حل آج بھی ممکن ہے مسئلہ کے حل میں تاخیر جنوبی ایشیاء میں ایٹمی جنگ کے خطرات میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔ سردار عتیق نے کہا کہ کشمیر کے دونوں حصوں میں بہتری جنوبی ایشیاء کے امن کے لیے ناگزیر ہے کشمیریوں کا حق خودارادیت عالمی برادری کے ذمہ ایک فرض ہے۔ بے شمار قربانیوں کے باوجود کشمیری مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی خواہش رکھتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 211470

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/211470/دونوں-خطوں-کے-درمیان-تجارت-مسئلہ-کشمیر-حل-میں-معاون-ثابت-ہوگی-سردار-عتیق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org