0
Tuesday 13 Nov 2012 19:16

کراچی میں معصوم لوگوں کے قتل عام میں جنرل ضیاء کی باقیات ملوث ہیں، اعجاز درانی

کراچی میں معصوم لوگوں کے قتل عام میں جنرل ضیاء کی باقیات ملوث ہیں، اعجاز درانی
اسلام ٹائمز۔ بلاول ہاؤس کے ترجمان اعجاز درانی نے کہا ہے کہ کراچی میں نسل پرستی اور فرقہ واریت کی بنیاد پر معصوم لوگوں کا قتل ملک، عوام اور جمہوریت کے خلاف ایک گھناؤنی سازش ہے، جسے عوام اپنے باہمی اتحاد اور بھائی چارگی سے ناکام بنادیں گے۔ اعجاز درانی نے واضح کیا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں معصوم لوگوں کے قتل عام میں جنرل ضیاء کی باقیات ملوث ہیں۔ یہ وہی درندہ صفت عناصر ہیں جو کبھی مولوی مشتاق اور تارہ مسیح کا روپ دھار کر معصوم انسانوں کی زندگی اور موت کا فیصلہ کرتے ہیں اور اسامہ بن لادن بن کر جنت اور دوزخ میں داخلے کے ٹکٹ جاری کرتے ہیں۔ انہی عناصر نے جنرل ضیاء کے کندھوں پر چڑھ کر قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو تختہ دار پر لٹکایا۔ جنت اور دوزخ کے انہی خود ساختہ ٹھیکیداروں نے مسلسل گیارہ سالوں تک مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے زخموں پر نمک پاشی کی۔

اعجاز درانی نے کہا کہ جنرل ضیاء کی انہی باقیات نے اسامہ بن لادن سے اربوں روپے حاصل کر کے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کی اور مہران بینک کے اربوں روپے کھا کر ڈکار مارنے کی بھی زحمت گوارا نہیں کی۔ ترجمان نے یہ بھی واضح کیا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بڑے میاں اور چھوٹے میاں کے جسموں میں جنرل ضیاء، مولوی مشتاق اور تارہ مسیح روحیں بھٹکنے لگی ہیں اور وہ کراچی کے معصوم لوگوں کی لاشوں پر اپنی سیاسی دوکانیں چمکانے کی کوشش کررہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 211589
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش