QR CodeQR Code

امریکہ کی تباہی کا وقت آن پہنچا، جلد ٹکڑے ٹکڑے ہو جائیگا، رحمت وردگ

13 Nov 2012 21:50

اسلام ٹائمز:تحریک استقلال کے مرکزی صدر کا کہنا ہے کہ امریکی معیشت کو چلانے کے لئے دنیا میں دہشت گردی لازمی ہے کیونکہ امریکہ کی آمدن کا انحصار اسلحے کی فروخت پر ہے اور امریکہ اپنے ہتھیار فروخت کرنے کے لئے دنیا میں بدامنی پھیلاتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ امریکہ دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے جو اپنے مفادات کی خاطر دنیا میں بدامنی کرتا ہے اور کہیں جمہوریت، کہیں انسانی حقوق کے نام پر دہشت پھیلا کر اپنے مفادات حاصل کرتا ہے اور اسلامی دنیا میں قدرتی وسائل سے مالا مال علاقوں میں بدامنی پیدا کرکے بحالی امن کی خاطر وہاں قبضہ جما کر ان علاقوں کے قدرتی وسائل سے اپنی معیشت کو مستحکم کر کے اسلامی دنیا کا استحصال کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بات سینئر وائس چیئرمین سندھ محمد یونس خان ایڈووکیٹ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ نے افغانستان پر حملے کے بعد پاکستان میں ڈرون حملے کرکے اب تک ہزاروں بے گناہ بزرگوں، بچوں اور خواتین کو شہید کیا ہے اور ظلم کی انتہا کرتے ہوئے وہاں زخمیوں اور شہیدوں کی امداد کیلئے جانیوالے رضاکاروں پر بھی میزائل حملے کئے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور انسانی حقوق کے بھی خلاف ہیں مگر انسانی حقوق کے چیمپئن امریکہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی دہشت گردی کی انتہا ہوچکی ہے اور اب اسکے مظالم پر اﷲ کی لاٹھی چلے گی اور امریکہ ٹکڑے ٹکڑے ہو کر اپنی بقاء کی فکر میں پڑ جائیگا کیونکہ امریکہ پہلے ہی قرضوں کے بوجھ تلے دبا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا میں امریکہ 35 سال تک دہشت گردی کرتا رہا اور امریکہ کی مداخلت کے بعد اب سری لنکا میں مکمل طور پر امن قائم ہو چکا ہے، امریکی معیشت کو چلانے کے لئے دنیا میں دہشت گردی لازمی ہے کیونکہ امریکہ کی آمدن کا انحصار اسلحے کی فروخت پر ہے اور امریکہ اپنے ہتھیار فروخت کرنے کے لئے دنیا میں بدامنی پھیلاتا ہے، امریکہ جس قدر تردید کرتا رہے مگر یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ امریکی پالیسیاں ہمیشہ مذہبی منافرت کی بنیاد پر ترتیب دی جاتی ہیں جس میں مسلمانوں کو کمزور تر کرنا اولین ترجیح رکھی جاتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 211620

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/211620/امریکہ-کی-تباہی-کا-وقت-پہنچا-جلد-ٹکڑے-ہو-جائیگا-رحمت-وردگ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org