0
Wednesday 14 Nov 2012 23:05

موجودہ حکومت پنجاب نے تمام صوبائی اداروں کو پستی کی طرف دھکیل دیا، چوہدری پرویز الٰہی

موجودہ حکومت پنجاب نے تمام صوبائی اداروں کو پستی کی طرف دھکیل دیا، چوہدری پرویز الٰہی
اسلام ٹائمز۔ نائب وزیراعظم اور مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الہی کا کہنا ہے کہ آج پنجاب میں کوئی بھی خوشحال نہیں ہے مسلم لیگ ن کی کسان کُش پالیسی ہے۔ آئندہ الیکشن میں عوام ن لیگ کو مسترد کردیں گے۔ وہاڑی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اور مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی پیٹرولنگ، ڈینٹل کالج ملتان سمیت دیگر عوام کی فلاح کے کاموں کو وزیراعلی پنجاب بند کررہے ہیں۔ ریسکیو 1122 کے لوگوں کی بدعائیں اور دعائیں انہیں لگ رہی ہیں، پنجاب میں لوگ تعلیم اور ادویات کو ترس رہے ہیں۔ عام عوام پنجاب میں خوشحال نہیں ہے، جہاں میرے نام کی تختی لگی ہوتی ہے میاں شہباز شریف کا بلڈ پریشر ہائی ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے ترقیاتی منصوبوں کو بند کرکے ان کا چین چھین لیا گیا ہے ہمارے دور حکومت میں کسانوں کے ٹیوب ویل کے بل کا آدھا حصہ پنجاب حکومت دیتی تھی، 22 محکمے اپنی جیب میں رکھ کر عوام کو تعلیم نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ الیکشن میں عوام مسلم لیگ ن کو مسترد کردے تاکہ یہ عوام کُش پالیسیوں سے ان کو تنگ نہ کریں۔ چودھری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ ان کی اولین ترجیح عوام کی فلاح و بہبود ہے، پنجاب میں لوگ امن و امان کی خراب صورتحال اور چوریوں ڈکیتیوں سے تنگ ہیں اور وزیر اعلیٰ جلسوں میں گانے گاتے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب کا سربراہ عوام کو ڈیلیور نہیں کر سکتا کیونکہ اس کے پاس کام کرنے والی ٹیم نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کابینہ بھی نہ بنا سکے، صوبے میں اساتذہ، ڈاکٹر، طلباء سب سڑکوں پر ہیں کوئی خوشحال نہیں ہے۔ حکمرانوں نے صوبے کو کنگال کردیا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ناکام سکیموں کے باعث حکومت ڈیفالٹر ہو گئی ہے۔ سکولوں اور ترقیاتی منصوبوں کے پیسے دانش سکول، آشیانہ سکیم، سستی روٹی سکیموں میں خرچ کر دیئے گئے ہیں۔ چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے، کسی کی پگڑی نہیں اچھالی مگر پنجاب کے حکمرانوں نے اپنا پرانا کام نہیں چھوڑا، جب یہ اقتدار میں آتے ہیں انتقامی کارروائی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگلہ بس سروس پر 72 ارب روپے لگا دیئے گئے ہیں۔ ریسکیو 1122 کا پٹرول بھی بند ہونے والا ہے۔

چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پنجاب نے تمام صوبائی اداروں کو پستی کی طرف دھکیل دیا ہے، ن لیگ والوں کو پرچے کی سیاست کے سوا کچھ نہیں آتا۔ چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف ان کے ساتھ موازنہ نہ کریں، ان کے دور حکومت میں پنجاب نے بہت ترقی کی جبکہ موجودہ دور میں حکومت پنجاب اپنا ریونیو جمع کرنے میں بھی ناکام ہوچکی ہے۔ نائب وزیراعظم پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ اگلا الیکشن کارکردگی کی بنیاد پر ہی لڑا جائے گا کیونکہ انہوں نے جتنے ترقیاتی کام اپنے 5 سالہ دور حکومت میں کرائے وہ گذشتہ 55 سال میں بھی نہیں ہو سکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 211879
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش