0
Wednesday 14 Nov 2012 23:50

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے وزیراعلیٰ ہاؤس میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن، چیف سیکریٹری سندھ راجہ محمد عباس، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ وسیم احمد، آئی جی پولیس سندھ فیاض احمد لغاری، ڈپٹی ڈی جی رینجرز سندھ، ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی اقبال محمود، کمشنر کراچی ہاشم رضا زیدی اور تمام اداروں کے سربراہوں نے شرکت کی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا اہم تجارتی و اقتصادی مرکز ہے اور یہاں ملک کے مختلف علاقوں سے لوگ آکر آباد ہوئے ہیں، گذشتہ حکومتوں کی پالیسیوں کی وجہ سے منافرت، لسانی، گروہی، مذہبی اور سیاسی گروہ بندیوں کی جڑیں مضبوط ہوکر اب تناور درخت کا روپ دھارتی جا رہی ہیں جنہیں ہم سب کو مل کر اکھاڑ کر پھیکنا ہے اور محبت، بھائی چارگی اور اتحاد کی فضا کو استوار کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی انسان کا قتل انسانیت کا قتل ہے اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل توجہ اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دے کر یہ سلسلہ کنٹرول میں لاسکتے ہیں۔

انہوں نے پولیس، رینجرز اور تمام اداروں کے سربراہوں پر زور دیا کہ معصوم اور بیگناہ شہریوں کے قتل کی وارداتوں میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے اپنے فرائض ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ راستوں پر پولیس، رینجرز کے گشت کو بڑھایا جائے، بدامنی سے متاثرہ علاقوں میں تھوڑے تھوڑے وقفے کے بعد لوگوں کی گاڑیوں اور دیگر اشیاءکی چیکنگ کی جائے۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ وہ کسی بھی وقت تھانوں کا، سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے بغیر اطلاع کے دورے کریں گے، اچانک چھاپے ماریں گے اور کوتاہی برتنے والے، غیر حاضر رہنے والے اور فرائض سے غفلت برتنے والے افسران و عملے کے خلاف کارروائی کریں گے۔

انہوں نے واضح ہدایات دیں کہ جرائم پر قابو پایا جائے اور فوری نتائج دیئے جائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ محرم الحرام کی آمد ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چاہئے کہ مذہبی و لسانی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور صوبے میں امن، بھائی چارگی اور اخوت کو استوار کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ وسیم احمد، آئی جی پولیس سندھ اور ڈی جی رینجرز نے تفصیلی رپورٹس پیش کیں جبکہ اس عزم کا اعائدہ کیا کہ تمام ادارے مکمل اتحاد، نظم و ضبط اور مستعدی کے ساتھ نتائج دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 211902
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش