QR CodeQR Code

محرم میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام

کامرہ ائیر بیس اور گجرات میں پاک فوج پر حملہ میں ملوث 2 دہشتگرد گرفتار، حبیب الرحمان

16 Nov 2012 16:37

اسلام ٹائمز: لاہور پولیس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان محرم الحرام کے دوران پنجاب میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ بنا رہے تھے۔ گرفتار دہشتگردوں سے 60 خودکش جیکٹس تیار کرنے کے سامان کے علاوہ 15 خودکش جیکٹس، اسلحہ، 25 دستی بم اور دیگر دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب حاجی حبیب الرحمن نے انکشاف کیا ہے کہ کامرہ ائیر بیس اور گجرات میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 7 فوجیوں کے قتل میں ملوث دو دہشت گرد گرفتار کر لئے ہیں۔ جن سے بھاری مقدار میں خودکش جیکٹس اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس کلب لاہور میں ریجنل پولیس آفیسر امین وینس کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ ملزمان شفیق احمد کو بیری والا گجرات جبکہ اس کے بیٹے عبدالرحمن کو موضر سگر سے گرفتار کیا گیا، جنھوں نے دوران تفتیش کامرہ ائیر بیس سمیت گجرات ناکے پر 4 اہلکاروں اور چناب پل پر 7 فوجیوں کو شہید کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے بتایا ملزمان سے 60 خودکش جیکٹس تیار کرنے کے سامان کے علاوہ 15 خودکش جیکٹس، اسلحہ، 25 دستی بم اور دیگر دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا ہے، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ ملزمان کا تعلق حکیم اللہ محسود گروپ سے ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق لاہور پولیس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان محرم الحرام کے دوران پنجاب میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ بنا رہے تھے۔ گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار ميں بارودی مواد، خودکش جيکٹس اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ آر پی او گوجرانولہ اور ان کی ٹیم نے گجرات کے علاقے سول لائنز سے گذشتہ روز گرفتار ہونے والے دہشت گرد شفيق اور اس کے بيٹے عبدالرحمان کی نشاندہی پر ڈانڈا کے علاقے ميں کاروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار ميں بارودی مواد برآمد کيا گيا ہے۔ جس ميں خودکش جيکٹس، کلاشنکوف، ہيڈ گرنيڈز اور ڈیٹونیٹر تيار کرنے والے سامان سميت تخريب کاری ميں استعمال ہونے والا ديگر مواد شامل ہے۔
 
آئی جی پنجاب کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق حکيم اللہ محسود گروپ سے ہے۔ آئی جی پنجاب نے بتايا کہ گجرات ميں آرمی کی چيک پوسٹ اور پوليس اہلکاروں پر حملہ بھی اسی گروہ نے کيا، جبکہ کامرہ ائير بيس حملے ميں بھی يہی گروہ ملوث ہے۔ دہشت گردوں کی گرفتاری سے محرم الحرام کے دوران پنجاب بڑی دہشت گردی سے محفوظ ہوگيا ہے۔


خبر کا کوڈ: 212322

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/212322/کامرہ-ائیر-بیس-اور-گجرات-میں-پاک-فوج-پر-حملہ-ملوث-2-دہشتگرد-گرفتار-حبیب-الرحمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org