0
Friday 16 Nov 2012 16:44

صحت کا شعبہ روز اول سے ہی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، مہدی شاہ

صحت کا شعبہ روز اول سے ہی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، مہدی شاہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ محکمہ صحت کے ادویات و خوراک کا بحٹ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 10 فیصد اضافے کے ساتھ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چنار باغ گلگت میں محکمہ صحت کو 10 نئی اور جدید ایمبولینس کی چابیاں تقسیم کرنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے سید مہدی شاہ نے کہا کہ صحت کا شعبہ روز اول سے ہی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، ہم نے اس شعبے پر نہ صرف بھرپور توجہ دی ہے بلکہ ہر موقع پر فنڈز مہیا کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ہے جبکہ حال ہی میں گلگت بلتستان کے ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کے لئے ایکسرے مشین، سی ٹی سکین اور الٹرا ساؤنڈ کی جدید ترین مشین خریدنے کے لئے ایک اہم معاہدے پر اسلام آباد میں دستخط کئے ہیں اور گلگت بلتستان اور دیامر کے ہسپتالوں کے لئے ڈیڑھ ڈیڑھ ارب روپے کی جدید مشینری فراہم کرنے کے لئے حکومت کام کر رہی ہے تاکہ یہاں کے عوام کو صحت کی جدید ترین سہولیات دستیاب ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آج جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ایمبولینس ساتوں اضلاع کو مہیا کی جا رہی ہیں ان سب اقدامات سے صحت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں آئینگی۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے جائز مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے۔

تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ وہ اپنی آخری اے ڈی پی کی تمام رقم جو کہ تقریبا 8 کروڑ روپے بنتی ہے کو بے نظیر شہید ہسپتال اسکردو کو فراہم کی جائے گی۔ سید مہدی شاہ نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مہنگے ٹیسٹ سمیت ایکسرے کی مناسب فیس مقرر کرنے پر غور کررہے ہیں تاکہ ہسپتال کے کچھ اخراجات پورے ہونے کے ساتھ ساتھ بلا وجہ ہسپتال آکر ٹیسٹ کروانے والے افراد کو کچھ احساس ہوسکے۔ وزیراعلیٰ سید مہدی شاہ نے سرکاری آفیسروں کی جانب سے اخبارات میں بیانات دینے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی آفیسر کو کوئی مسئلہ ہے تو وہ اپنے مسائل کو اخبارات کی زینت بنانے کی بجائے متعلقہ محکمے کے وزیر سے رابطہ کرے یا میرے پاس آکر ملے تاکہ اس کا صحیح حل نکالا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی سرکاری ملازم یا سیکریٹریز آئندہ اخبارات میں بیانات دینے سے گریز کریں۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے 10 ایمولینسوں میں سے 7 ایمبولینس کی چابیاں ڈی ایچ اوز کے حوالے کئے جبکہ ایک ایمبولینس کی چابی وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کے اسٹاف آفیسر اور ایک ایمبولینس کی چابی گورنر سیکریٹریٹ کے سٹاف آفیسر کو دی جبکہ ایک ایمبولینس کی چابی شہید بے نظیر بھٹو ہسپتال اسکردو کے لئے سیکریٹری صحت سعد سکندر نے وزیراعلی سید مہدی شاہ کے حوالے کی۔
خبر کا کوڈ : 212324
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش