0
Friday 16 Nov 2012 22:28

علماء بھائی چارے اور برداشت کا درس دیں، شہباز شریف

علماء بھائی چارے اور برداشت کا درس دیں، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ ماڈل ٹاؤن لاہور میں عشرہ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے سلسلے میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ عشرہ محرم کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھنا اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے، محرم الحرام کا احترام تمام مسلمانوں پر واجب ہے اور ہمیں اتحاد بین المسلمین پر حقیقی معنوں میں عمل کرتے ہوئے معاشرے میں امن و امان یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے، اسے دہشت گردی اور انتہاپسندی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، معاشرے کو اتحاد و یکجہتی کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی، انہوں نے کہا کہ علمائے کرام منبر رسول سے بھائی چارے، رواداری، تحمل و برداشت اور اتحاد کا درس دیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے، ہر قسم کا شرانگیز لٹریچر ضبط اور لاؤڈ سپیکر کا غلط استعمال روکا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اشتعال انگیز بینرز فوری اتارے جائیں اور وال چاکنگ کی پابندی پر سختی سے عملدراآمد کرایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے جلوسوں کے روٹس اور مجالس میں جنریٹروں اور سٹریٹ لائٹس کا انتظام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مجالس اور ماتمی جلوسوں کی کڑی نگرانی کو یقینی بنایا جائے، عزاداری جلوسوں کے اردگرد چار حصار پر مبنی سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کیا جائے، مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔ وزیراعلیٰ نے حکم دیا کہ مساجد، امام بارگاہوں اور مجالس میں ہونے والی تقاریر کی ریکارڈنگ کے انتظامات کئے جائیں۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے دوران جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے سرویلنس پلان بھی تیار کیا ہے، ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز اور سراؤں میں بغیر شناختی کارڈ رہائش پذیر افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے میڈیا محرم الحرام کے دوران بھائی چارے اور رواداری کے جذبات کو فروغ دے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے رہنما اور کارکن بھی امن عامہ برقرار رکھنے اور باہمی اتحاد و یگانگت پیدا کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 212426
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش