0
Saturday 17 Nov 2012 00:25

ہمارا دکھ اور درد ایک ہے، مصر غزہ کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑیگا، محمد مرسی

ہمارا دکھ اور درد ایک ہے، مصر غزہ کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑیگا، محمد مرسی
اسلام ٹائمز۔ مصر کے صدر محمد مرسی نے غزہ پر اسرائیلی حملے کو انسانیت کے خلاف کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مصر غزہ کو ہرگز تنہا نہیِں چھوڑے گا۔ فارس نیوز نے مصری روزنامہ "اخبار الیوم" کے حوالے سے لکھا ہے کہ مصری صدر محمد المرسی نے قاہرہ کی مسجد فاطمہ الشربتلی میں نماز جمعہ کے بعد اپنے مختصر خطاب میں کہا ہے کہ ہم غزہ پر اسرائیلی حملے کو انسانیت کے خلاف کھلی جارحیت سمجھتے ہیں اور اس جارحیت کا ارتکاب کرنے والے کو متنبہ کرتے ہیں کہ انہیں غزہ پر وحشیانہ حملہ کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہ میں اپنی اور مصر کی ملت کی طرف سے  اعلان کرتا ہوں کہ آج کا مصر گذشتہ مصر سے مختلف ہے اور آج کے عرب بھی گذشتہ اعراب سے مختلف ہیں۔ 

 مصری صدر محمد مرسی نے غزہ پر اسرائیلی حملے کو انسانیت کے خلاف جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مصر غزہ کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر اسرائیل نے غزہ پر اپنے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا تو اسے اس کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی اور اسے اس جارحیت کی ذمہ داری قبول کرنا پڑے گی۔  نماز گزاروں کے ان نعروں کی گونج میں کہ اے خیبر کے یہودیو، محمد (ص) دوبارہ آئیں گے، مصری صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل یہ جان لے کہ جارحیت کے ذریعے صلح حاصل نہیں کی جاسکتی اور نہ ہی وہ اس سرزمین سے اپنا مطلوبہ نتیجہ حاصل کر پائے گا۔ مصری صدر محمد مرسی نے چند بار تکرار کی کہ مصر ہرگز غزہ کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جنگ کے ذریعے کسی صورت استحکام حاصل نہیں کیا جاسکتا اور مظلوم فلسطینی عوام کا خون بدعا بن کر اسرائیل پر نازل ہوگا۔
 
محمد المرسی کا کہنا تھا کہ مصری عوام ہمشہ صلح پسند رہے ہیں لیکن ساتھ ہی ساتھ جارحیت کا ارتکاب کرنے والوں کے ساتھ مقابلے کے لئے بھی ہمیشہ تیار رہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ مصری عوام اپنی پوری طاقت کے ساتھ امت عربی اور اسلامی کے دفاع کے لئے اٹھ کھڑے ہوں گے۔ مصری صدر نے کہا کہ غزہ کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے آج ایک مصری وفد غزہ گیا ہے، تاکہ وہ اعلان کر سکے کہ غزہ کا دکھ اور درد مصر کا دکھ اور درد ہے اور غزہ کے بچوں کا خون بہانا مصری بچوں کا خون بہانے کے برابر ہے۔
خبر کا کوڈ : 212472
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش