0
Saturday 17 Nov 2012 02:05

علماء کرام ہم آہنگی کے ذریعے ملک دشمنوں کی سازشیں ناکام بنا دیں، علامہ رمضان توقیر

علماء کرام ہم آہنگی کے ذریعے ملک دشمنوں کی سازشیں ناکام بنا دیں، علامہ رمضان توقیر
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے سربراہ علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا ہے کہ ذکر امام حسین (ع) کیساتھ ساتھ فکر حسین (ع) سے آگاہی بھی ناگزیر ہے، رواں محرم الحرام میں تمام مکاتب فکر کے علماء فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے اپنے فرائض ادا کریں اور ملک دشمنوں کی سازشوں کو کسی صورت کامیاب نہ ہونے دیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے باب النجف جاڑا ڈیرہ اسماعیل خان میں محرم الحرام کی مناسبت سے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر علامہ غلام حسین نجفی، حافظ نزیر حسین، مولانا محمد باقر اور دیگر علماء کرام بھی موجود تھے۔ علامہ رمضان توقیر کا کہنا تھا کہ ذکر امام حسین (ع) عبادت ہے، لیکن ذکر کیساتھ فکر حسین (ع) سے آگاہی بھی ضروری ہے، عزاداری کو زندہ رکھنے کیلئے فکر امام حسین (ع) کو اجاگر کرنا ناگزیر ہے، انہوں نے تمام علماء کرام اور ذاکرین اہلبیت (ع) سے اپیل کی کہ وہ رواں محرم الحرام میں اتحاد و وحدت کی ضرورت پر زور دیں، اور فلسفہ قیام حسینی (ع) کو لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کریں، انہوں نے کہا کہ غم حسین (ع) میں آنسو بہانا بہت بڑی عبادت ہے تاہم معرفت انتہائی لازمی جزو ہے۔

انہوں نے کہا کہ مدینہ سے روانگی کے بعد یوم عاشور تک مظلوم کربلا (ع) نے جتنے بھی خطبے دیئے اس میں اہداف بتاتے رہے، کہ میں اپنے نانا (ص) کی سنت، اپنے بابا (ع) کی سیرت، اور امر بالمعروف نہی عن المنکر کیلئے مدینے سے نکلا ہوں، اور دین کو بچانے کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کروں گا، علامہ رمضان توقیر نے مزید کہا کہ امام حسین (ع) کا یہ قیام صرف اور صرف رضا الہیٰ کیلئے تھا، ان کا مزید کہنا تھا کہ رواں محرم الحرام میں تمام مکاتب فکر کے علماء فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے اپنے فرائض ادا کریں اور ملک دشمنوں کی سازشوں کو کسی صورت کامیاب نہ ہونے دیں۔
خبر کا کوڈ : 212508
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش