QR CodeQR Code

محرم الحرام کی آمد، لاہور میں سکیورٹی انتظامات انتہائی سخت کر دیئے گئے

17 Nov 2012 21:20

اسلام ٹائمز:سیکورٹی اداروں نے دہشت گردی کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کر کے متعدد افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقامات پر منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں محرم الحرام کی آمد کے ساتھ ہی سکیورٹی انتظامات انتہائی سخت کر دیئے گئے ہیں، سیاسی پارٹیاں اور عوامی اجتماع کے پروگرام منسوخ کر دیئے گئے ہیں جبکہ دہشت گردی کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے نتیجہ میں متعدد افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقامات پر منتقل کر کے تفتیش کی جا رہی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق شہر کے ہوٹلوں، سراؤں اور خصوصاً ریلوے سٹیشن کے نزدیک ہوٹلوں میں آپریشن کیا گیا، ہوٹلوں میں دیگر شہروں سے آ کر قیام کرنے والے مہمان کے مکمل کوائف چیک کیے جانے کے علاوہ ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ اگر ان کے ہوٹلوں یا گیسٹ ہاؤسز میں ٹھہرنے والے کو بغیر شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کے ٹھہرایا گیا تو ان افراد کے علاوہ ہوٹل مالکان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

کیپٹل سٹی پولیس آفیسر حاجی اسلم ترین کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کے علاوہ مرکزی جلوس کے راستوں میں سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ جلوس کے قریب دفعہ 144 نافذ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے معاملے میں کسی اہلکار کی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا، مساجد اور امام بارگاہوں کی تنظیمیں کو امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 212739

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/212739/محرم-الحرام-کی-آمد-لاہور-میں-سکیورٹی-انتظامات-انتہائی-سخت-کر-دیئے-گئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org