0
Sunday 18 Nov 2012 13:04

امریکہ کا زوال شروع ہو چکا، سپر پاور صرف اللہ کی ذات ہے، وسیم اختر

امریکہ کا زوال شروع ہو چکا، سپر پاور صرف اللہ کی ذات ہے، وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ ڈرون حملے ملکی سلامتی کے لئے کھلا چیلنج ہیں، حکمرانوں نے پاکستان کو عملاً امریکہ کی طفیلی ریاست بنادیا ہے، چالیس ہزار جانوں کا نذرانہ اور 68 ارب ڈالر کا معاشی نقصان کروانے کے باوجود ہمیں ناقابل اعتبار اتحادی کے طور پر دیکھا جاتا ہے، ناقص خارجہ پالیسی نے ملک وقار کو مجروح کرکے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ پاکستان میں مذہبی منافرت کو ہوا دے رہا ہے، استعماری قوتیں مسلمانوں کے خلاف گھنائونی سازشوں میں مصروف ہیں، 98 فیصد پاکستانی امریکی غلامی سے نجات چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی و عسکری قیادت 18 کروڑ عوام کے جذبات کا احترام کرے اور ایسی پالیسیاں بنائی جائیں جن میں امریکی مداخلت کا عنصر نہ پایا جاتا ہو، ملک اس وقت انتہائی گھمبیر صورتحال سے دو چار ہے، آئے روز نئے مسائل جنم لے رہے ہیں، اس وقت تک امن کاخواب ادھورا رہے گا جب تک امریکہ جنوبی ایشیاء میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کا زوال شروع ہوچکا ہے، 20 امریکی ریاستوں کا علیحدگی کی درخواستیں دائر کرنا ابھی نقطہ آغاز ہے، نہتے مسلمانوں پر بارود برسانے والے ملک کو اب ٹوٹنے سے کوئی نہیں بچا سکتا، سپر پاور صرف اور صرف اللہ کی ذات ہے، انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب اسلام کے نام لیوا دنیا پر حکمران ہوں گے، اگر امریکہ افغانستان میں طالبان سے مذاکرات کر رہا ہے تو ہم کیوں نہیں کرسکتے؟۔
خبر کا کوڈ : 212798
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش