QR CodeQR Code

سید منور حسن کی وفد کے ہمراہ سوڈان کے صدر عمر حسن البشیر سے ملاقات

امریکی اسرائیلی گٹھ جوڑ ایک کے بعد دوسرے مسلم ملک کو تباہ کرنا چاہتا ہے، سوڈانی صدر

18 Nov 2012 12:27

اسلام ٹائمز: جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے پریس ریلیز کے مطابق سوڈانی صدر نے کہاکہ چند ہفتے قبل خرطوم میں ایک اسلحہ فیکٹری پر بھی اسرائیل نے جارحیت کی۔ یہ سوڈان پر اسرائیل کا چوتھا حملہ تھا لیکن سوڈانی عوام نے بھی کسی صہیونی دباؤ میں نہ آتے ہوئے اپناسفر جاری رکھنے کا فیصلہ کیاہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے، جو ان دنوں سوڈان کے دورے پر ہیں، اپنے وفد کے ہمراہ سوڈان کے صدر عمرحسن البشیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور ڈائریکٹر شعبہ امور خارجہ جماعت اسلامی عبدالغفار عزیز بھی شریک تھے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سوڈان کے صدر عمر البشیر نے کہاکہ امریکی اسرائیلی گٹھ جوڑ ایک کے بعد دوسرے مسلم ملک کو تباہ کرناچاہتاہے۔ مسلمان ملک متحد ہو کر دشمن کو ناکام بناسکتے ہیں۔

غزہ پر تازہ اسرائیلی جارحیت پر تبصرہ کرتے ہوئے سوڈانی صدر نے کہاکہ فلسطینی عوام کا اصل جرم اپنے حقوق سے دستبردار نہ ہوناہے لیکن 60 سال سے زائد عرصے کی جدوجہد نے ثابت کیا ہے کہ ہر قربانی کے بعد ان کی جدوجہد اور عزیمت میں مزید اضافہ ہواہے۔

جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے پریس ریلیز کے مطابق سوڈانی صدر نے کہاکہ چند ہفتے قبل خرطوم میں ایک اسلحہ فیکٹری پر بھی اسرائیل نے جارحیت کی۔ یہ سوڈان پر اسرائیل کا چوتھا حملہ تھا لیکن سوڈانی عوام نے بھی کسی صہیونی دباؤ میں نہ آتے ہوئے اپناسفر جاری رکھنے کا فیصلہ کیاہے۔ صدر عمر حسن البشیر نے کہاکہ پاکستان اور سوڈان کے برادر انہ تعلقات ہمیشہ مضبوط رہے ہیں۔ دونوں برادر ملک ہر عالمی پلیٹ فارم پر ایک دوسرے کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پورے عالم اسلام میں سے صرف پاکستان ایک نظریاتی بنیاد پر وجود میں آیا تھا، اس لیے پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات حکومتوں کی تبدیلی سے بالاتر ہیں۔

اس موقع پر سید منورحسن نے پاکستان اور خطے کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ جنوبی سوڈان کی علیحدگی تمام مسلم ممالک کے حصے بخرے کرنے کے عالمی منصوبے کا حصہ ہے۔ امریکی افواج نے افغانستان اور پاکستان کو بھی اپنی جارحیت اور سازشوں کی آماجگاہ بنایا ہواہے۔ انہوں نے کہاکہ غزہ پر صہیونی جارحیت ہویا جنونی سوڈان کی علیحدگی ہر جگہ امریکی سازشیں اور سرپرستی واضح طو ر پر دیکھی جاسکتی ہے۔ سید منورحسن نے کہاکہ عرب ممالک میں عوامی انقلابات کی کامیابی سے امت کو ایک نیا عزم و حوصلہ ملاہے۔ انہوں نے کہاکہ سوڈان اور دیگر برادر مسلم ممالک مل کر کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کریں۔


خبر کا کوڈ: 212858

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/212858/امریکی-اسرائیلی-گٹھ-جوڑ-ایک-کے-بعد-دوسرے-مسلم-ملک-کو-تباہ-کرنا-چاہتا-ہے-سوڈانی-صدر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org