0
Sunday 18 Nov 2012 18:44

ملالہ ایشو پر آسمان سر پر اٹھانے والوں کو غزہ کی بیٹیاں نظر کیوں نہیں آ رہیں،وسیم اختر

ملالہ ایشو پر آسمان سر پر اٹھانے والوں کو غزہ کی بیٹیاں نظر کیوں نہیں آ رہیں،وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے غزہ میں ہونے والی اسرائیلی جارحیت، مسلمانوں کے ناحق قتل اور عالمی دنیا کی خاموشی پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی نہتے فلسطینیوں کی شہادت پر خاموشی مجرمانہ غفلت کے مترادف ہے، اب تک درجنوں فلسطینیو ں کو شہید اور سینکڑوں کو زخمی کر دیا گیا ہے، مسلمانوں کا خون پانی کی طرح بہایا جا رہا ہے جبکہ امن اور انسانیت کے علمبردار ممالک اور این جی اوز کو سانپ ڈس چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان فلسطینی معصوم بچوں،بوڑھوں اور خواتین کی بے گناہ اموات اور اسرائیل کی جارحیت کے خلاف عالمی سطح پر بھرپور آواز اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ایک طرف اسرائیل اور دوسری بھارت کو عسکری قوت دیکر مسلمانوں کا خون بہانے کے لئے مقرر کر رکھا ہے جبکہ خود عراق اور افغانستان میں 7 لاکھ سے زائد مسلمانوں کو موت کے گھاٹ اتار چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ملالہ‘‘ کے حق میں آسمان سر پر اٹھا دینے والوں کو غزہ کی بیٹیاں نظر کیوں نہیں آ رہیں؟۔

وسیم اختر کا کہنا تھا کہ امریکہ نے تیل حاصل کرنے اور دنیا پر اجارہ داری قائم رکھنے کے لئے مسلم ممالک کو تہ وبالا کر دیا ہے، نام نہاد دہشت گردی کی جنگ کو ختم کیے بغیر امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنے زوال کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے، انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب امریکہ ٹکڑوں میں بٹ جائے گا اور پوری دنیا پر اسلام کا غلبہ ہو گا، کفار مسلمانوں کی نسل کشی کر رہے ہیں، او آئی سی کا فوری اجلاس بلایا جائے اور تمام فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے۔

ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کا اتحاد ناگزیر ہو چکا ہے۔ تمام مسلم ممالک کے سربراہان کو آگے بڑھ کر مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، امت مسلمہ کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر کے ہی ہم کفار کی سازشوں کا مقابلہ کر سکتے ہیں، مسلم امہ طاغوت کے خلاف متحد ہو جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اسے زیر نہیں کر سکتی، دنیا میں امن کے لئے مسئلہ کشمیر و فلسطین کا فوری حل نکالا جائے۔
خبر کا کوڈ : 212974
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش