0
Sunday 18 Nov 2012 23:35

پاکستانی اور ایرانی کمپنیاں پائپ لائن بچھانے کے لئے جوائنٹ وینچر تشکیل دیں گی

پاکستانی اور ایرانی کمپنیاں پائپ لائن بچھانے کے لئے جوائنٹ وینچر تشکیل دیں گی
 اسلام ٹائمز۔ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے میں پاکستانی حصے کی تکمیل کے لیے ایران 5 سو ملین ڈالر فراہم کرے گا۔ رپورٹ کے مطابق ڈیڑھ ارب ڈالر لاگت کے مجوزہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کے پاکستانی سیکشن کی تعمیر کی مالی اور تکنیکی معاونت کیلئے ایران نے 5 سو ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے۔ آئندہ ہفتے ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کا دورہ پاکستان طے ہے جس میں وہ اس بین حکومتی تعاون معاہدےInter-Governmental  Cooperation Agreement  (IGCA پر دستخط کریں گے۔ معاہدے کے تحت پاکستان کو ایرانی حکومت 250 ملین ڈالر قرض فراہم کرے گی۔ اس کے ساتھ ایرانی کمرشل بینک منصوبے کی تکمیل، انجنیئرنگ، سازوسامان کی خریداری اور تعمیری اخراجات کے لیے پاکستان کو 250 ملین ڈالر قرض فراہم کریں گے۔ 

رپورٹ کے مطابق ایرانی جوہری پروگرام تنازع پر امریکی مخالفت کی وجہ سے ایران پر عائد پابندیوں کے تناظر میں پاکستان افراتفری میں گیس پائپ لائن منصوبے کے لیے فنڈز محفوظ بنانا چاہتا ہے۔ مجوزہ منصوبے کے تحت پاکستانی اور ایرانی کمپنیاں پائپ لائن بچھانے کے لئے جوائنٹ وینچر تشکیل دیں گی۔ اس سے قبل چین اور روس نے بولی دیئے بغیر تعمیری ٹھیکے دینے کی شرط پر پائپ لائن منصوبے کی تکمیل پر اتفاق کیا تھا۔ تاہم ان پر کسی بھی قسم کی پیشرفت نہ ہوسکی جس کی واضح وجہ امریکی مخالفت تھی۔ ایرانی وزارت تیل نے اس معاہدے کی تکمیل کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے جو پاکستانی حصے میں پائپ لائن بچھانے کے لئے قرض اور سرمایہ کاری کے طریقہ کار طے کرے گی۔ گذشتہ ہفتے ایرانی تیل کی صنعت کے ماہرین 250 ملین ڈالر معاہدے پر امور طے کرنے کے لئے اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ ایرانی صدر اسلام آباد میں 22نومبر کو ترقی پذیر ممالک کے ڈی ایٹ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 213052
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش