0
Monday 19 Nov 2012 12:14

اسرائیل کا وجود دنیا کے امن کے لئے خطرہ ہے، نابودی ناگزیر ہے، فلسطین فاؤنڈیشن

اسرائیل کا وجود دنیا کے امن کے لئے خطرہ ہے، نابودی ناگزیر ہے، فلسطین فاؤنڈیشن
اسلام ٹائمز۔مسلم امہ غزہ پر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے دہشت گردانہ حملوں کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کے خلاف سخت کاروائی کرے۔ اسرائیل کا وجود انسانیت کے لئے زہر قاتل اور دنیا کے امن کے لئے خطرہ ہے، نابودی ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنماؤں اور جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، جمعیت علماء پاکستان سندھ کے جنرل سیکرٹری علامہ عقیل انجم قادری، پاکستان عوامی مسلم لیگ کے رہنما محفوظ یار خان ایڈوکیٹ، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی، جمعیت علماء پاکستان کے صوبائی رہنماؤں فیض رسول، شیخ عمران الحق، مرکزی جماعت اہل سنت کے رہنما مولانا غلام یاسین گولڑوی، صاحبزادہ عبد الجبار چشتی اور ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سمیت سول سوسائٹی اور وکلاء رہنماؤں ناصر رضوان ایڈووکیٹ، آصف بیگ ایڈووکیٹ اور دیگر نے کراچی پریس کلب کے سامنے غزہ پر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے دہشت گردانہ حملوں میں معصوم انسانوں کے قتل عام کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی جبکہ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور سروں پر سرخ پٹیاں باندھ رکھی تھیں، جن پر غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور عالمی دہشت گرد امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکائے احتجاجی مظاہرہ نے عالمی برادری، مسلم امہ اور عرب ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ میدان عمل میں آئیں اور فلسطین اور غزہ پر صیہونی جارحیت کے خلاف سخت کاروائی کریں۔

شرکائے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ مسلم امہ انسانیت کے دشمنوں امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹیں۔ مقررین نے حماس کے کمانڈر احمد الجعبری اور تمام شہداء کی شہادت پر ہدیہ تعزیت پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطینیوں کے ساتھ ہیں اور فلسطینی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ واضح رہے کہ فلسطین کا علاقہ غزہ سنہ 2007ء سے غاصب اسرائیل کے دہشت گردانہ حملوں کا نشانہ بن رہا ہے اور اب تک سیکڑوں فلسطینی شہید و زخمی ہوچکے ہیں جن مین بڑی تعداد معصوم کمسن بچوں اور خواتین کی ہے جبکہ گذشتہ چند دنوں میں غزہ میں صیہونی حملوں میں چالیس سے زائد شہید اور چار سو سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جن میں بڑی تعداد معصوم بچوں اور خواتین کی ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ عرب لیگ اور عرب ممالک امریکہ، یورپ اور صیہونی جارح ریاست پر دباؤ ڈالیں اور غزہ میں بے گناہ اور معصوم انسانوں کی خون ریزی کو رکوانے میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت بند کروانے میں عملی کردار ادا کرے۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان کے عوام مصیبت اور دکھ کی اس المناک گھڑی میں غزہ کے مظلوموں کے ساتھ ہیں اور اس وقت تک سراپا احتجاج بنے رہیں گے جب تک غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے حملے بند نہیں ہو جاتے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل انسانیت کے قاتل اور مجرم ہیں اور دنیا پر واضح ہوچکا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے ہاتھ معصوم بچوں اور بے گناہ انسانوں کے خون سے رنگین ہیں جسے کسی صورت معاف نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے غزہ پر جاری اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کی۔ شرکائے احتجاجی مظاہرہ نے حماس کے شہید رہنما احمد الجعبری کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ، یورپی یونین اور دیگر عالمی اداروں نے غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی بند نہ کروائی تو غزہ کے مظلوم عوام کے خون کی ذمہ داری امریکہ، یورپی یونین اور اقوام متحدہ پر عائد ہوگی۔ اس موقع پر شرکائے مظاہرہ نے امریکہ مردہ باد اور اسرائیل نامنظور کے فلک شگاف نعرے لگائے اور امریکی و صیہونی پرچم نذر آتش کئے۔
خبر کا کوڈ : 213158
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش