QR CodeQR Code

کمشنر کراچی سید ہاشم رضا زیدی کی ایرانی قونصل جنرل عباس علی عبداللہی سے ملاقات

20 Nov 2012 11:36

اسلام ٹائمز: اس موقع پر کمشنر کراچی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کراچی نے محرم الحرام کے مہینے میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ مشترکہ پلان مکمل کرلیا ہے اور عزاداروں کی سیکورٹی کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ کمشنر کراچی سید ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کراچی نے محرم الحرام کے مہینے میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ مشترکہ پلان مکمل کرلیا ہے اور عزاداروں کی سیکورٹی کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ایرانی قونصل جنرل عباس علی عبداللہی سے ملاقات کے موقع پر کیا، اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمشنر کراچی نے ایرانی قونصل جنرل کو بتایا کہ محرم الحرام کے مہینے میں عزاداروں کے جلوسوں اور مجالس کے حفاظتی اقدامات کے سلسلے میں علماء کرام کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے اس سلسلے میں علماء کرام کے علاوہ رینجرز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین مشترکہ لائحہ عمل اور باہمی مشاورت سے سیکورٹی پلان تیار کیا گیا ہے۔

سید ہاشم رضا زیدی نے کہا کہ انہوں نے علماء کرام سے درخواست کی ہے کہ وہ باہمی طور پر تیار کردہ سیکورٹی پلان اور ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل کرکے اپنی اور عزاداروں کے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ قونصل جنرل نے حکومت سندھ اور خصوصاً ضلعی انتظامیہ کی جانب سے محرم الحرام کے مہینے میں سیکورٹی کے انتظامات اور امن و امان کے سلسلے میں اقدامات کی تعریف کی اور کامیابی کے لئے دعا کی۔


خبر کا کوڈ: 213370

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/213370/کمشنر-کراچی-سید-ہاشم-رضا-زیدی-کی-ایرانی-قونصل-جنرل-عباس-علی-عبداللہی-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org