0
Monday 19 Nov 2012 22:00

فلسطینی نوجوان کربلا کو زندہ کرکے اسرائیل کی نابودی کا باعث بنیں، آئی ایس او پاکستان

فلسطینی نوجوان کربلا کو زندہ کرکے اسرائیل کی نابودی کا باعث بنیں، آئی ایس او پاکستان
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران طاہر، مرکزی نائب صدر ابوذر مہدی، مرکزی جنرل سیکرٹری جواد رضا، ڈپٹی جنرل سیکرٹری امجد عباس، مرکزی فنانس سیکرٹری رائے ناصر اور آئی ایس او لاہور کے ڈویژنل صدر عابد حسین نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرزمین پاکستان کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت فرقہ واریت کی آگ میں دھکیلا جا رہا ہے اور ملت تشیع پاکستان کو دیوار سے لگانے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے جو کہ استعماری ایجنڈے کا ایک حصہ ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ اس ماہ مقدس میں جہاں پاکستان کی غیور ملت اسلامیہ نواسہ رسول (ع) کی اسلام کی خاطر دی جانے والی قربانی کی یاد منا رہی ہے، ملک دشمن عناصر نے اس کو محدود کرنے کی جسارت کے بیانات دئیے اور وطن عزیز کو غیر محفوظ بنانے کی سازش کی، جس کی ایک کڑی کل کراچی عباس ٹاؤن میں مجلس عزا میں ہونے والا بم دھماکہ ہے، ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ جب عزاداری کیخلاف سازشوں کی بات ہو رہی تھی تو انتظامیہ سکیورٹی کے معاملات کو سنجیدگی سے لیتی، لیکن افسوس کیساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ ایسی کوئی صورتحال دیکھنے میں نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہ واضح کر دیں گے کہ دہشت گردی کے ایسے واقعات سے عزاداری محدود نہیں ہوگی بلکہ ایسے واقعات سے عزاداری اور ابھر کر سامنے آئے گی اور حسینی جوان بڑھ چڑھ کر عزاداری سیدالشہداء انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عزاداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ رہنماؤں نے کہا کہ اس موقع پر ہم دنیا بھر میں پے در پے ہونے والے واقعات کے بارے میں بھی بات کرنا ضروری سمجھتے ہیں، جن سے ایک ذی شعور مسلمان لاتعلق نہیں رہ سکتا، حال ہی میں غزہ (ارض فلسطین) پر صہیونی غاصبین کی طرف سے ہونے والی بمباری سے ناقابل تلافی جانی نقصان نے ہمارے دلوں کو پہلے سے زیادہ غمگین کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمارا یہ فریضہ بنتا ہے کہ عالم اسلام کے اندر رونما ہو نے والی تبدیلیوں کو ایک شعوری راستہ دینے میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے استعماری قوتوں بالخصوص شیاطین و یزیدان وقت امریکہ و اسرائیل کے تابوت میں آخری کیل ثبت کریں، یہ محرم اور قربانی سیدالشہداء ہی ہے جس سے درس لیتے ہوئے اور کربلا کو آئیڈیل بنا کر حزب مقاومت اسلامی لبنان نے اسرائیل کو شکست دی اور آج وہ کامیاب ہیں، ہم فلسطینی جوانوں کو پیغام دیتے ہیں کہ کربلا کو زندہ کرکے اسرائیل کی نابودی کا باعث بنیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ فلسطینی نوجوان اس ماہ محرم میں دین اسلام اور حقانیت و ناموس رسالت (ص) کے تمام تر پہلووں کو اجاگر کریں، تاکہ دشمنان اسلام کی طرف سے کئے گئے پروپیگنڈے کو انہی کی طرف پلٹایا جاسکے، ہم اس عظیم قربانی کی یاد اور اسلام کے زریں اصولوں کی سربلندی کے اس اہم موقع پر چند نکات کی جانب توجہ مبذول کرانا چاہ رہے ہیں، اس موقع پر ہم عزاداران امام حسین (ع) سے تقاضا کرتے ہیں کہ جلوس ہائے عزا کے انتظامات کو پہلے سے منظم کریں اور سیکورٹی کے مسائل کو بہتر حکمت عملی کے ذریعے حکومت یا دیگر اداروں پر انحصار اور اکتفاء نہ کریں، اس سلسلہ میں نوجوان اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا ہر جوان عزاداری سیدالشہداء کے تحفظ کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کریں گے، ہم اس عزم کا اظہار ضروری سمجھتے ہیں کہ انشاءاللہ آئی ایس او پاکستان تمام ڈویژنز، یونٹس تعلیمات کربلا کی ترویج اور عزاداری سیدالشہداء کے پروگرام میں پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے اور ملت کے ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 213409
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش