QR CodeQR Code

اسرائیل کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاجی مظاہرہ

20 Nov 2012 14:22

اسلام ٹائمز: اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی راولپنڈی کے امیر کا کہنا تھا کہ جب تک مسلمان امریکہ اور یورپ کی غلامی سے نکل کر اتحاد اور یکجہتی کا عملی مظاہرہ نہیں کریں گے اسی طرح ذلیل وخوار ہوتے رہیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ غزہ پر اسرائیلی حملے کے خلاف گزشتہ روز جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مری روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت امیرجماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سجاداحمدعباسی، نائب امیر شمس الرحمن سواتی، جنرل سیکرٹری راجہ محمدجواد، محمدحنیف چوہدری، رضااحمدشاہ، سیدعزیرحامد، علامہ مرزا یوسف حسین، قاری محمداعظم نورانی، ڈاکٹراشتیاق عرفان اور دیگر راہنما کر رہے تھے۔

اس موقع پر مظاہرین نے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف پرجوش نعرے بازی کی۔ شرکاء نے فلسطینیو مجاہدو ہم تمہارے ساتھ ہیں۔ فلسطین سے رشتہ کیا۔ لاالہ الااللہ۔ اسرائیل کا ایک علاج۔ الجہاد الجہاد۔ ظالمو جواب دو۔ خون کا حساب دو۔ یواین او مردہ باد۔ کے زبردست نعرے بازی کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سجاداحمدعباسی نے کہا کہ اسرائیل نے تمام بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے نہتے فلسطینیوں کے خلاف جارحیت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ، یورپی ممالک اور یواین اور اسرائیل کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ جبکہ مسلم حکمرانوں کا کردار بھی شرمناک اور مجرمانہ ہے۔ انہوں نے مصر کے صدر ڈاکٹر مرسی کے کردار کو سلام پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے مجاہد اسلام کا کردار ادا کیا ہے۔ ہمیں ایسے ہی مجاہد اور نڈر حکمرانوں کی ضرورت ہے۔ انہو ں نے کہا کہ تمام مسلم ممالک مل کر اقوام متحدہ میں اس مسئلے کو اٹھائیں۔ اگریواین او فلسطینیوں کو انصاف فراہم نہ کرے تو مسلمان ممالک کو اسے خیرآباد کہہ کر اپنی مسلم اقوام متحدہ بنانی چاہیے۔ جب تک مسلمان امریکہ اور یورپ کی غلامی سے نکل کر اتحاد اور یکجہتی کا عملی مظاہرہ نہیں کریں گے اسی طرح ذلیل وخوار ہوتے رہیں گے۔ سجاد احمد عباسی نے حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ مصر کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر آگے بڑھے اور فلسطینیوں کے مسئلے کو حل کرانے کے لیے اپنا دینی اور ملی کردار ادا کرے۔


خبر کا کوڈ: 213583

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/213583/اسرائیل-کے-خلاف-جماعت-اسلامی-کا-احتجاجی-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org