0
Tuesday 20 Nov 2012 18:43

علمائے کرام اپنی مجالس اور خطبات میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا درس دیں، الطاف حسین

علمائے کرام اپنی مجالس اور خطبات میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا درس دیں، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے شیعہ و سنی علمائے کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران اپنی مجالس اور خطبات میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کا درس دیں۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ محرم الحرام صبر و استقلال کا مہینہ ہے جس میں حق اور باطل کی لڑائی میں حق کی فتح ہوئی اور دین اسلام کا نام پوری دنیا میں بلند ہوا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں فرقہ وارانہ فسادات کی آگ بھڑکانے کی گھناؤنی سازشیں کی جارہی ہیں جن کو ناکام بنانے کیلئے تمام مسالک اور فقہ سے تعلق رکھنے والے افراد نہ صرف حق و سچ کے لئے عملی جدوجہد کو جاری رکھیں بلکہ ایک دوسرے کے عقائد اور مسالک کو تسلیم کرتے ہوئے ان کا صدق دل سے احترام بھی کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو عناصر محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے اور فرقہ وارانہ فسادات کروانے کیلئے معصوم شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنا رہے ہیں وہ ملک و قوم دونوں کے دشمن ہیں اور ایسے لوگوں کا کسی دین یا مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہو سکتا۔

الطاف حسین نے ایم کیو ایم کے منتخب عوامی نمائندوں، ذمہ داران و کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ محرم الحرام کے دوران شیعہ و سنی علمائے کرام سے مسلسل رابطہ رکھیں اور ان سے روزانہ کی بنیادوں پر ملاقاتیں بھی کریں۔ الطاف حسین نے ایک مرتبہ پھر اپیل کی کہ شیعہ و سنی علمائے کرام اور عوام محرم الحرام کے دوران آپس میں بھائی چارگی اور ہم آہنگی قائم رکھیں، کسی بھی واقعہ پر اشتعال انگیزی سے گریز کریں اور فرقہ وارانہ فسادات میں ملوث سازشی عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔
خبر کا کوڈ : 213687
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش