0
Tuesday 20 Nov 2012 19:39

عزاداری امام حسین (ع) کو محدود کرنیکی تمام تر سازشوں کو ناکام بنا دینگے، علامہ امین شہیدی

عزاداری امام حسین (ع) کو محدود کرنیکی تمام تر سازشوں کو ناکام بنا دینگے، علامہ امین شہیدی
اسلام ٹائمز۔ عزاداری امام حسین (ع) کو محدود کرنے کی تمام تر سازشوں کو ناکام بنا دیں گے، قانون نافذ کرنے والے ادارے عزادار اور عزاداری کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے شہر کراچی کے مختلف اضلاع میں جاری مرکزی مجالس عزاء اور امام بارگاہوں کے دورے پر موجود مختلف مساجد و امام بارگاہوں کے ٹرسٹیز، بانیان مجالس اور ماتمی انجمنوں کے عہدیداران سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ علامہ امین شہیدی نے امام بارگاہ اسلامک ریسرچ سینٹر، امام بارگاہ مصطفی گلشن معمار، امام بارگاہ ام البنین احسن آباد، امام بارگاہ ایوب گوٹھ، مرکزی امام بارگاہ جعفر طیار، مسجدِ حسنین، امام بارگاہ شاہِ یثرب، امام بارگاہ حیدری مشن اور امام بارگاہ دربار حسینی ملیر کے دورہ جات کئے۔ اس موقع پر اُن کے ہمراہ آصف صفوی، مبشر حسن، سجاد اکبر، زین علی اور ولی احمد بھی موجود تھے۔

علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ 9 اور 10 محر م الحرام کو موٹر سائیکل چلانے پر پابندی حکومت کے کاسمیٹک اقدمات ہیں، ان سے دہشت گردی کو نہیں روکا جاسکتا، ضرورت اس امر کی ہے کہ شہر کراچی میں موجود دہشت گردوں اور کالعدم جماعتوں کے خلاف حکومت عملی اقدامات کرے اور اس ضمن میں کراچی میں موجود حساس علاقوں میں فوجی آپریشن کیا جائے تاکہ شہر قائد میں موجود ملک دشمن عناصر جو وطن عزیز کو غیر مستحکم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں ان کا قلع قمع کیا جاسکے۔ اُنہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عباس ٹاؤن دہشت گردی میں ملوث دہشت گردوں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور واقع میں ملوث دہشت گردوں کو سرعام پھانسی دی جائے، جب تک حکومت دہشت گردی کی اصل جڑ تک نہیں پہنچے گی تب تک یہ مسئلہ قابل حل نہیں، شہر کراچی میں قانون نافذ کرنیوالے ادارے عزادار اور عزاداری کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں لہذا ملت کی تمام سرکردہ تنظیموں، ماتمی انجمنوں اور رضاکاروں کو چاہیے کہ خود مجالس و جلوس عزاء کے تحفظ میں عملی کردار ادا کریں۔

سفینہ امامیہ ٹرسٹ ملیر کے ذمہ داران سے ملاقات اور مانیٹرنگ روم کا معائنہ کرتے ہوئے علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ امام بارگاہ اور اطراف کے علاقے کی سکیورٹی کے سلسلے میں سفینہ امامیہ ٹرسٹ ملیر کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات لائقِ تحسین ہیں اور تمام رضاکار جو اس وقت امام بارگاہوں کی حفاظت پر معمور ہیں وہ خود کو کربلا میں خیام حسینی (ع) کا محافظ سمجھ کر اپنا فریضہ انجام دیں۔ انہوں نے شہر کراچی کے مختلف امام بارگاہوں کے نزدیک سیوریج کے گندے پانی کی موجودگی، سڑکوں کی استرکاری نہ ہونے اور روشنی کا باقائدہ انتظام نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔
خبر کا کوڈ : 213698
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش