QR CodeQR Code

اسرائیلی جارحیت کے خلاف تیسرے روز بھی ملتان میں احتجاجی مظاہرے

21 Nov 2012 14:07

اسلام ٹائمز: ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ہائیکورٹ بار کے صدر محمود اشرف خان نے کہا کہ فلسطینی مظلوموں کی حمایت میں اُٹھنے والی ہر آواز کو سلام پیش کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ اسرائیلی فورسز کی جانب سے جاری ساتویں روز کی جارحیت کے خلاف ملتان میں مختلف تنظیموں اور جماعتوں کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں، فلسطین فائونڈیشن پاکستان ملتان کے زیراہتمام اسرائیلی حملوں اور ان کے نتیجے میں شہید ہونے والے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں چوک نواں شہر سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام، جمعیت علمائے پاکستان، مجلس وحدت مسلمین، تحریک منہاج القرآن سمیت دیگر جماعتوں کے قائدین نے کی، ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پینا فلیکسز اُٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل مخالف نعرے درج تھے، اس موقع پر مظاہرین نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

اس کے علاوہ ہائیکورٹ بار کے زیراہتمام تیسرے روز بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گی، ریلی بار روم سے شروع ہوئی اور ہائیکورٹ روڈ پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی کی قیادت ہائیکورٹ بار کے صدر محمود اشرف خان اور دیگر وکلاء رہنمائوں نے کی، وکلاء رہنمائوں نے اس موقع پر امریکہ اور اسرائیل کے خلاف سخت نعرے بازی کی، مظاہرین نے آخر میں امریکی، اسرائیلی اور یو این او کا جھنڈا بھی نذر آتش کیا۔


خبر کا کوڈ: 213891

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/213891/اسرائیلی-جارحیت-کے-خلاف-تیسرے-روز-بھی-ملتان-میں-احتجاجی-مظاہرے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org