0
Wednesday 21 Nov 2012 22:00

عاشور پر امن کیلئے تمام مکاتب فکر باہمی ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں، رحمت وردگ

عاشور پر امن کیلئے تمام مکاتب فکر باہمی ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں، رحمت وردگ
اسلام ٹائمز۔ تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ عاشورہ کے دوران ملک بھر خصوصاً کراچی میں تمام مکاتب فکر کو باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا چاہئے اور سازشی و شرپسند عناصر کی بیخ کنی کرنی چاہئے تاکہ عاشورہ کے موقع پر شہرکا امن قائم رہ سکے کیونکہ اس وقت کئی عناصر ملک بھر میں دہشت گردی کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے اور وزارت داخلہ کی وارننگ کے مطابق بڑے شہروں میں دہشت گردی کا خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس خطرے کے پیش نظر عوام شدت پسندوں سے ہوشیار رہ کر باہمی اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کریں۔ یہ بات انہوں نے صوبائی وائس چیئرمین خیبرپختونخواہ رحمان اﷲ مروت سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کو بھی عاشورہ کے موقع پر قیام امن کیلئے حکومت سے بھرپور تعاون کرنا چاہئے تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنی صفوں میں موجود مشکوک افراد کی نشاندہی کریں تاکہ حکومت عوام کو تحفظ دے سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ کی سب سے بڑی وجہ سیاسی، سفارشی اور راشی افسران اور اہلکاروں کی پولیس اور انتظامی عہدوں پر تقرریاں، ترقیاں اور تبادلے ہیں اور کراچی میں تمام اہل عہدوں پر انتہائی کرپٹ، نااہل افراد کو بٹھایا گیا ہے جو خود سیاسی وجوہات یا رشوت کے عوض جرائم پیشہ افراد کو نہ صرف ڈھیل دیئے بیٹھے ہیں بلکہ ان کے سرپرست کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف کے دورمیں کراچی میں مثالی امن قائم تھا جس کی سب سے بڑی وجہ پولیس اور اعلیٰ انتظامی عہدوں پر تقرریوں، ترقیوں اور تبادلوں کا واحد معیار صرف کارکردگی اور میرٹ تھا مگر بدقسمتی سے جمہوریت آتے ہی کراچی کا امن غلط اقدامات کی وجہ سے تباہ کردیا گیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی کی پولیس اور انتظامی عہدوں سے سیاسی، سفارشی اور راشی افراد کو فوری نکالا جائے تو یقینی طور پر کراچی میں امن قائم ہوجائیگا کیونکہ میرٹ پر آنیوالے صرف انصاف کومعیار بناکر کام کرتے ہیں اور کسی بھی جرائم پیشہ کا ساتھ نہیں دیتے۔
خبر کا کوڈ : 214107
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش