0
Thursday 22 Nov 2012 01:14

حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا اعلان، اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا

حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا اعلان، اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا
اسلام ٹائمز۔ غزہ میں 140 سے زائد فلسطینیوں کی شہادت کے بعد اسرائیل اور حماس جنگ بندی کے معاہدے پر متفق ہوگئے، مصری حکام نے تصدیق کر دی۔ اسرائیلی حکام نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ کا محاصرہ ختم کرنے اور حملے بند کرنے کیلئے تیار ہیں۔ مصری حکام نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں فریق غزہ میں جنگ بندی ختم کرنے پر متفق ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب آج امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن غزہ بحران کی سنگینی دیکھتے ہوئے مشرق وسطٰی کے خطے میں پہنچیں، جہاں انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو سے ملاقات کی۔ اسرائیلی وزیراعظم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ باراک اوباما نے واضح پیغام کے ساتھ مجھے اسرائیل بھیجا ہے۔ اسرائیل کی سلامتی کے لئے امریکی عزم پتھر کی طرح ٹھوس اور غیر متزلزل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم غزہ کی صورتحال کو مزید بڑھنے سے روکنا چاہتے ہیں۔
 
امریکی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ غزہ سے دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے اسرائیلی شہروں اور قصبوں پر راکٹ حملوں کو ختم ہونا چاہیے اور یہ وسیع تر امن کی بحالی کے لیے ضروری ہے۔ دریں اثناء اسرائیلی وزیراعظم نے کہا ہے کہ وہ غزہ میں کارروائی تیز کرنے کے لیے تیار ہیں، لیکن وہ طویل المدتی سفارتی حل کو ترجیع دیں گے۔ واضع رہے کہ اسرائیلی جارحیت میں 140 سے زائد فلسطینی شھید اور سینکڑوں زخمی ہوچکے ہیں، جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔ ادھر مصری وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر اتفاق کے بعد غزہ میں جنگ بندی کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے، جنگ بندی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی حکام نے جنگ بندی کے معاہدے کی تصدیق کر دی ہے، تاہم اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ کا محاصرہ ختم نہیں کیا جائے گا۔ جنگ بندی کا اعلان مصری وزیر خارجہ نے پریس کانفرنس میں کیا، جس میں ان کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کا اطلاق مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے سے ہوگا۔ انہوں نے جنگ بندی کے معاہدے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا۔ امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے اپنے ردعمل میں کہا کہ جنگ بندی کرانے پر مصری وزیر خارجہ کے شکر گزار ہیں، مصر کی نئی قیادت خطے میں ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 214151
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش