QR CodeQR Code

مسئلہ فلسطین ہمارے ایمان کا حصہ، تمام دنیا کے مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں، مذہبی رہنماء

22 Nov 2012 12:59

اسلام ٹائمز: جماعت اسلامی ملتان کے زیراہتمام دینی جماعتوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مذہبی رہنمائوں کا کہنا تھا کہ 23 نومبر کو ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی یوم احتجاج منایا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی ملتان کے زیر اہتمام دفتر جماعت اسلامی میں دینی جماعتوں کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں جماعت اسلامی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل رائو ظفر اقبال، ضلعی امیر میاں آصف محمود اخوانی، ڈاکٹر اشرف علی عتیق، مولانا عبدالرحیم گجر، کنور محمد صدیق، مولانا زبیر صدیقی، جمعیت علماء پاکستان کے ضلعی صدر محمد ایوب مغل، علامہ عبدالحق مجاہد کوآر ڈی نیٹر وفاق المدارس ملتان، جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر خورشید عباس گردیزی، قاری محمد اسلم، قاری محمد یٰسین، زاہد مقصود احمد قریشی، مولانا رضاا لمنعم قریشی، جماعت الدعوة کے ضلعی امیر میاں سہیل احمد، ثناء اللہ ثاقب، ابوبکر صدیق، جاوید اقبال، تصور حیات، انصاری متحدہ موومنٹ کے مرکزی صدرمیاں محمد رمضان انصاری، محمد یوسف انصاری، حافظ طاہر محمود، شیعہ علماء کونسل کے سید مجاہد عباس گردیزی اور محمد ارشد نے شرکت کی۔ 

اجلاس میں اسرائیلی جارحیت، قاضی حسین احمد کے قافلے پر خود کش حملے، مساجد و مدارس پر حکومت کی طرف سے عائد کردہ بجلی، گیس کی مد میں کم ازکم 3 ہزار مقررہ بل کی شدید مذمت کی گئی اور طے کیا گیا کہ23 نومبر بروز جمعتہ المبارک کو ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی یوم احتجاج منایا جائے گا، مساجد میں خطباء و علماء حضرات اس موضوع پر اظہار خیال کرینگے اور مذمتی قرار دادیں پاس کی جائیں گی، جمعہ نماز کے بعد احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مسئلہ فلسطین ہمارے ایمان کا حصہ ہے، تمام دنیا کے مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں، اسرائیل ایک غنڈہ گرد ریاست ہے جو کہ امریکہ کی سرپرستی میں اب تک ڈیڑھ سو فلسطینیوں کو شہید اور ایک ہزار نوجوانوں، عورتوں، بچوں، بوڑھوں کو شدید زخمی کرچکا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی غنڈہ گردی ہمارے بے حس و بے غیرت حکمرانوں کی وجہ سے ہو رہی ہے۔ اجلاس میں موجود تمام دینی جماعتوں کے قائدین اور علماء نے ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر قاضی حسین احمد پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قاضی حسین احمد اُمت مسلمہ کے عظیم رہنماء اور اتحاد اُمت کے داعی ہیں، جن پر حملہ اس وجہ سے کیا گیا کہ انہوں نے اسلام آباد میں  اتحاد اُمت کانفرنس  منعقد کرکے پوری دنیا کو اُمت مسلمہ کے متحد ہونے کا پیغام دیا جو عالمی استعمار کو ناپسند لگا جس کی بنیاد پر اُن پر حملہ کیا گیا، اجلاس میں کہا گیا کہ محرم الحرام امن و محبت کا مہینہ ہے غیر ملکی ایجنٹ اس مہینے میں فسادات پھیلا کر مسلمانوں میں اختلاف ڈالنا چاہتے ہیں ان کی کوششوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 214215

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/214215/مسئلہ-فلسطین-ہمارے-ایمان-کا-حصہ-تمام-دنیا-کے-مسلمان-ایک-جسم-کی-مانند-ہیں-مذہبی-رہنماء

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org