QR CodeQR Code

پشاور، دو پولیس چوکیوں پر دہشتگردوں کے حملے، تین اہلکار جاں بحق

23 Nov 2012 01:55

اسلام ٹائمز: شہر میں دہشتگردی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے نشتر آباد کے قریب جی ٹی روڈ پر نصب کئے گئے دو بموں کو ناکارہ بنایا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ پشاور میں دہشتگردوں کی جانب سے دو پولیس چوکیوں پر حملے کئے گئے، جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے، دلہ زاک روڈ پر واقع آبدرہ پولیس چوکی پر دہشتگردوں نے شام کے وقت دستی بم پھینکے اور فرار ہوگئے۔ دھماکے میں پولیس چوکی کو نقصان پہنچا اور 3 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک اہلکار واحد زمان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے 2مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس کی اضافی نفری علاقے میں پہنچ گئی جبکہ حملے کی تحقیقات اور ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ قبل ازیں دہشت گردوں نے علی الصبح بڈھ بیر میں پولیس چوکی پر حملہ کیا، دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
 
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا تاہم آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔ دریں اثناء پولیس نے بم ڈسپوزل یونٹ کی مدد سے نشتر آباد کے قریب جی ٹی روڈ پر نصب کئے گئے دو بموں کو ناکارہ بنایا۔ پولیس کے مطابق شرپسندوں نے جی ٹی روڈ پر واقع سکندر خان خلیل فلائی اوور کے قریب سڑک کے کنارے دو بم نصب کر رکھے تھے، جس کی اطلاع پولیس کو ملی جس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکاروں کی مدد سے بموں کو ناکارہ بنا دیا۔ اس موقع پر جی ٹی روڈ کو مکمل طور پر سیل کیا گیا تھا۔ بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق دونوں بموں کو سیمنٹ کے بلاک کے نیچے چھپایا گیا تھا۔ بموں کا مجموعی وزن تین کلو گرام تھا۔ جن کو ناکارہ کرنے کے بعد موقع پر موجود لوگوں نے پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہا اور تالیاں بجا کر انہیں داد دی۔ بعد ازاں پولیس نے علاقے کو کلیئر قرار دے دیا۔ واضح رہے کہ محرم الحرام کی مجالس عزاء اور جلوسوں کی سیکورٹی بھی آج سے بہتر بنا دی گئی ہے۔ اور اندرون شہر کو سیل کردیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 214404

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/214404/پشاور-دو-پولیس-چوکیوں-پر-دہشتگردوں-کے-حملے-تین-اہلکار-جاں-بحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org