0
Saturday 24 Nov 2012 03:23

ملتان، سانحہ کراچی اور راولپنڈی کے خلاف ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کی احتجاجی ریلی

ملتان، سانحہ کراچی اور راولپنڈی کے خلاف ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کی احتجاجی ریلی
اسلام ٹائمز۔ کراچی اور راولپنڈی میں ہونے والے خودکش حملوں اور ملک میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی نماز جمعہ کے بعد مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام جامع مسجد الحسین نیو ملتان سے گلشن مارکیٹ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت علامہ قاضی نادر حسین علوی، مولانا عمران ظفر، آئی ایس او ملتان کے ڈویژنل صدر تہور حیدری، عباس صدیقی اور سید قمر عباس زیدی نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے، جن پر خودکش حملوں، دہشت گردی، امریکہ اور اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے، ریلی بعد نماز جمعہ جامع مسجد الحسین سے شروع ہوئی اور گلشن مارکیٹ چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔
 
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ سیکورٹی ادارے ملک میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں، ملک میں کہیں بھی لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال نظر نہیں آرہی، کراچی اور راولپنڈی میں امام بارگاہ اور جلوس عزاء میں خودکش حملوں کے بعد سیکورٹی اداروں کی قلعی کھل گئی ہے، عاشور کے موقع پر امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے جلوسوں کی حفاظت کی ذمہ داری پاک فوج کے حوالے کی جائے۔ رہنمائوں کا مزید کہنا تھا کہ ملک انتہائی مخدوش صورتحال سے دوچار ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے واقعات کی ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈال رہی ہیں، اس وقت ہر محب وطن کو چاہیے کہ وہ یوم عاشور کے موقع پر اپنے آپ کو رضا کار کے طور پر پیش کرے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جاسکے۔
 
اُنہوں نے رانا ثناء اللہ کے بیان کے حوالے سے کہا کہ وہ فاتر العقل ہے آج یہ وہ باتیں کر رہا ہے جو چودہ سو سال سے یزید اور اُسکے پیروکار کررہے ہیں، اُنہوں نے کہا کہ عزاداری سید الشہداء (ع) کو کسی بھی صورت میں محدود نہیں کیا جائے گا، دشمن سمجھتا ہے کہ وہ ہماری مجالس اور جلوسوں میں خودکش حملے کر کے ہمارے حوصلے پست کردے گا تو یہ اُسکی سب سے بڑی بھول ہے یہ حسینی جوان کٹ تو سکتے ہیں لیکن عزاداری سیدالشہداء (ع) سے ایک قدم پیچھے نہیں ہٹ سکتے، اُنہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عزاداران سید الشہداء (ع) کی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔
 
اس موقع پر مظاہرین نے گلشن مارکیٹ چوک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بلاک کردیا۔ قبل ازیں نماز جمعہ کے خطبے میں مولانا عمران ظفر نے کہا کہ پاکستان کو امریکی آماجگاہ بنانے کے لیے بعض عرب ممالک اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں اور بعض شرپسند جماعتون کو سپورٹ کر کے ملک کے امن کو پارہ پارہ کر رہے ہیں، اس موقع پر کراچی اور راولپنڈی میں ہونے والے حملوں کے خلاف قراداد پاس کی گئی اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ ان واقعات کے پیچھے چھپے شرپسند عناصر کو بے نقاب کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 214595
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش