QR CodeQR Code

ملک بھر میں کل سے دو دن کیلئے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی، رحمان ملک

23 Nov 2012 19:15

اسلام ٹائمز:اسلام آباد میں میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے کچھ علاقوں میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی اطلاعات ہیں تاہم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوج کو الرٹ رکھا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ نویں اور دسیویں محرم کو ملک بھر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سوار پر پابندی ہوگی جبکہ کچھ شہروں میں موٹر سائیکل چلانے پر پاپندی کا فیصلہ آج رات کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہنگو میں آج شام سے موبائل سروس بند کر دی جائے گی جبکہ کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، ٹانک، مانسہرہ میں کل سے موبائل سروس بند کی جائیگی۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ ہری پور، نوشہرہ اور مردان میں بھی موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ لاہور، ملتان، سرگودھا، اٹک، راولپنڈی، جھنگ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، رحیم یارخان، ڈی جی خان، مظفرگڑھ میں بھی موبائل سروس بند رہے گی۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے 14 شہروں میں موبائل فون سروس بند کرنے کی درخواست کی ہے جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان حکومت کی طرف سے بھی موبائل سروس بند کرنے کا کہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکیم اللہ محسود اگر زندہ ہے تو بتائے کہاں لکھا ہے کہ مسلمان مسلمانوں کو قتل کرے۔ انہوں نے کہا کہ صدرآصف علی زرداری کی ہدایت ہے کہ دہشت گردوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے، ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے کچھ علاقوں میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی اطلاعات ہیں تاہم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوج کو الرٹ رکھا گیا ہے۔

رحمان ملک نے کہا کہ کل جو لوگ تنقید کر رہے تھے آج وہ میرے اقدامات سے متفق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ڈرا نہیں رہا بلکہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر خدشات کا اظہار کر رہا ہوں، عوام کی طرف سے معلومات فراہم کرنے سے دہشت گردوں کی شناخت ہو سکتی ہے۔ دہشت گردوں کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ جان کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بارودی مواد کی نشاندہی کرنے والے کیلئے 50 لاکھ روپے انعام دیا جائیگا جبکہ دھماکا خیز مواد نصب کرتے ہوئے پکڑے جانے والے کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا والے بھی جلوسوں کی زیادہ سے زیادہ فوٹیج بنائیں، ٹی وی مالکان سے درخواست ہے کہ جلوسوں کی فوٹیج محفوظ رکھی جائے تاکہ دہشتگردوں کی نشاندہی میں مدد مل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ خفیہ ایجنسیوں کو سیکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے خط لکھا ہے۔


خبر کا کوڈ: 214618

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/214618/ملک-بھر-میں-کل-سے-دو-دن-کیلئے-موٹرسائیکل-کی-ڈبل-سواری-پر-پابندی-ہوگی-رحمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org