0
Saturday 24 Nov 2012 12:12

ڈی آئی خان، ماتمی جلوس کے قریب بم دھماکہ، 9 افراد شہید 30 سے زائد زخمی

ڈی آئی خان، ماتمی جلوس کے قریب بم دھماکہ، 9 افراد شہید 30 سے زائد زخمی
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ماتمی جلوس کے راستے میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں چار بچوں سمیت 9 افراد شہید اور پولیس اہلکاروں سمیت 30 زخمی ہوگئے۔ موبائل خاموش، راستے بند، قانون نافذ کرنے والوں کا حصار، دہشت گرد پھر بھی کارروائی کرگئے۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے مضافاتی علاقے تھویا سیال سے عزاداروں کا ماتمی جلوس ذوالجناح کے مرکزی جلوس میں شرکت کے لئے آ رہا تھا کہ راستے میں کوڑے کرکٹ کے ڈھیر میں رکھے ریموٹ کنٹرول بم کو اڑا دیا گیا۔ ایک خوفناک دھماکہ ہوا اور چاروں طرف دھویں کے بادل چھا گئے۔ دھماکے سے چار بچوں سمیت نو افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 30 افراد زخمی ہوئے۔ پولیس اور امدادی اداروں نے دھماکے کی جگہ سے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ تشویش ناک مریضوں کو ملتان اسپتال بھیج دیا گیا۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے بنوں چونگی میں بم دھماکے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں اور تین بچوں سمیت سات افراد جاں بحق ہوگئے۔ دھماکے میں بیس افراد زخمی بھی ہوئے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں تمام تر سکیورٹی کے باوجود دہشت گرد کامیاب ہوگئے، نویں محرم کے سلسلے میں نکالا جانے والا ماتمی جلوس اپنے روایتی رستوں سے ہوتا ہوا جیسے ہی تھویا فاضل کے قریب پہنچا ایک زوردار دھماکہ ہوا، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ جاں بحق بچوں کی عمریں بالترتیب نو اور دس سال بتائی جاتی ہے، ہلاک اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال ڈیرہ اسماعیل خان پہنچایا گیا۔ کئی زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ دیسی ساختہ ریموٹ کنٹرولڈ بم کے ذریعے کیا گیا۔ ماتمی جلوس جیسے ہی کچرے کے ڈھیر کے قریب پہنچا۔ پریشر ککر میں موجود بارودی مواد کو ریموٹ کنٹرولڈ ڈیوائس کے ذریعے ٹریگر کر دیا گیا۔ دہشتگردی میں آٹھ سے دس کلو گرام باردوی مواد استعمال کیا گیا۔
 
دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ جائے وقوعہ سے ایک مشتبہ شخص کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ دہشت گردی کے بعد شہر میں فوج طلب کرلی گئی۔ اس وقت شہر کے حساس علاقوں میں فوجی جوان تعینات ہیں۔ شہر میں نو اور دس محرم کیلئے موبائل فون، وائر لیس فون اور سیٹلائیٹ فون کی سروس کی بندش اور موٹر سائیکل چلانے پر پابندی ہے۔ صدرآصف زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے آئی جی خیبر پختونخوا سے دہشت گردی کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
خبر کا کوڈ : 214753
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش