0
Saturday 24 Nov 2012 20:51

کراچی، 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہوگیا

کراچی، 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہوگیا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پاک محرم ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جو خراسان روڈ، نمائش چورنگی اور ایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہوگیا۔ جلوس کی قیادت پاک حیدری اسکاؤٹس کے چاک و چوبند دستے نے کی، جبکہ اس موقع پر اسکاؤٹس رابطہ کونسل کے پلیٹ فارم پر موجود مختلف اسکاؤٹس گروپس کے ہزاروں رضاکاروں نے جلوس کی سیکیوریٹی کے فرائض انجام دیئے۔ جلوس میں عزاداران امام حسین (ع) کی بہت بڑی تعداد شریک تھی، جن میں بچے، جوان، بوڑھے اور خواتین سمیت ہر سطح کے افراد نے شرکت کی۔ جلوس میں علم عباس (ع)، شبیہہ ذوالجناح و شبیہہ تابوت امام حسین (ع) بھی موجود تھیں۔ جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر ایم جناح روڈ پہنچا جہاں امام بارگاہ علی رضا (ع) کے سامنے عزاداران امام حسین (ع) نے باجماعت نماز ادا کی۔ نماز کا اہتمام امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے کیا گیا تھا۔ نماز کے بعد امریکہ و اسرائیل کے پرچم بھی نذرآتش کئے گئے۔

بعد ازاں جلوس صدر، ریگل چوک، تبت سینٹراور کھارادر سے ہوتا ہوا امام حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کی سیکیورٹی کے لئے پولیس اور رینجرز کے چاک و چوبند دستے تعینات تھے، جبکہ اس موقع پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے جلوس کی نگرانی کی جاتی رہی۔ قبل ازیں نشتر پارک میں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے حجتہ السلام و المسلمین مولانا شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ آج پاکستان کو بدامنی کا شکار کردیا گیا ہے دراصل یہ عزاداری کو محدود کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل رضا عابدی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ شیعہ نسل کشی کا سارا ملبہ چیف جسٹس پر ڈالنے کے بجائے صدر زرداری کی جانب اپنی توجہ مبذول کریں، یہ درست ہے کہ چیف جسٹس نے اس حوالے سے کوئی اقدام نہیں کیا لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ ڈاکٹر رضا پیرانی شہید کے قاتلوں کی پھانسی کے احکام پر عملدرآمد ہونے صدر مملکت ہی رکاوٹ بنے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 214885
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش