QR CodeQR Code

گاڑی کے نیچے نصب دھماکہ خیز مواد برآمد، مارنیوالے سے بچانے والا بڑا ہے، حامد میر

26 Nov 2012 14:33

اسلام ٹائمز: جیو نیوز سے بات چیت میں حامد میر کا کہنا تھا کہ صبح ڈرائیور کے ساتھ کسی کام سے گیا اور گاڑی تھوڑی دیر کیلئے پارک کی تھی، دھماکہ خیز مواد اس جگہ رکھا گیا جہاں میں بیٹھتا ہوں۔ انکا کہنا تھا کہ حق اور سچ کیلئے آواز بلند کرتا رہونگا۔


اسلام ٹائمز۔ جیو نیوز کے سینئر اینکر پرسن اور کیپٹل ٹاک کے میزبان حامد میر کی گاڑ ی کے نیچے بم پایا گیا ہے جسے بم ڈسپوزبل عملے نے ناکارہ بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح حامد میر جب مارکیٹ سے واپس پہنچے تو ان کے پڑوسی کے ڈرائیور نے بتایا کہ آپ کی گاڑی کے نیچے کوئی کالا تھیلا لٹک رہا ہے، جس کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا، جس نے بتایا کہ یہ دھماکہ خیز مواد ہے۔ تھیلے میں بیٹری، ڈیٹونیٹر اور دھماکہ خیزمواد تھا جس میں بال بیرنگ موجود تھے، اس میں نصب ڈیٹو نیٹر کو 35 نمبر ڈیٹو نیٹر کہا جاتا ہے۔ 

ادھر حامد میر نے کہا ہے کہ حق اور سچ کیلئے آواز بلند کرتا رہونگا، مارنے والے سے بچانے والا بڑا ہے۔ خوش قسمتی سے کسی نقصان سے پہلے ہی دھماکہ خیز مواد کا پتہ چل گیا۔ وہ اپنی گاڑی میں نصب کیے گئے بارودی موادکے برآمد ہونے کے بعد جیو نیوز سے بات کر رہے تھے۔ حامد میر کا کہنا تھا کہ صبح ڈرائیور کے ساتھ کسی کام سے گیا اور گاڑی تھوڑی دیر کے لیے پارک کی تھی، دھماکہ خیز مواد اس جگہ رکھا گیا جہاں میں بیٹھتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ مارنے والے سے بچانے والا بڑا ہے، یہ میرے لیے نہیں جیونیوز کے لیے پیغام تھا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکاروں نے دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنا دیا۔


خبر کا کوڈ: 215265

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/215265/گاڑی-کے-نیچے-نصب-دھماکہ-خیز-مواد-برآمد-مارنیوالے-سے-بچانے-والا-بڑا-ہے-حامد-میر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org