QR CodeQR Code

ڈیرہ اسماعیل خان دھماکے کے دو مزید زخمی نشتر اسپتال ملتان منتقل

26 Nov 2012 23:12

اسلام ٹائمز: نو محرم الحرام کو ہونے والے دھماکے کے سات زخمیوں میں سے ایک زخمی محسن علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے درجہ شہادت پر فائز ہوگئے جبکہ دس محرم کو ہونے والے دھماکے کے دو مزید زخمی کمیل عباس اور داور عباس کو بھی نشتر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ یوم عاشور کے موقع پر ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے دھماکے کے زخمی کمیل عباس اور داور عباس کو نشتر اسپتال ملتان منتقل کردیا گیاہے، منتقل ہونے والے زخمیوں میں سے کمیل عباس کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ داور عباس کو آئی سی یو میں رکھا گیا ہے، اس سے قبل نو محرم الحرام کو ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے دھماکے کے سات زخمیوں تنویر عباس، اظہر حسین، محسن علی، وسیم، ماجد، میثم اور علی کو نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا ، جن میں سے محسن علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے درجہ شہادت پر فائز ہوا، جبکہ ان زخمیوں میں تنویر عباس ابھی تک قومہ کی حالت میں ہے اور اسے آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔ زخمیوں کے لواحقین نے'' اسلام ٹائمز'' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نشتر اسپتال کی انتظامیہ ہمارے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے جبکہ ان کے علاوہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور دیگر دوست و احباب بھی ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔

اس موقع پر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نشتر میڈیکل کالج کے یونٹ صدر ڈاکٹر انجم رضا نے بتایا کہ آئی ایس او کے نوجوانوں کو جیسے ہی اطلاع ملی کہ زخمیوں کو ملتان شفٹ کیا جارہا ہے ہم نے ہنگامی طور پر تمام انتظامات مکمل کرلیے، انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان ڈاکٹر ان زخمیوں کے لواحقین سے رابطے میں ہیں اور ہم نے اسی حساب سے اپنے امامینز ڈاکٹرز کی ڈیوٹی بھی ان وارڈز میں لگوادی ہے تاکہ کسی قسم کی کوئی مشکل پیش نہ آئے، اس موقع پر اہل تشیع کے مختلف وفود بھی نشتراسپتال میںزخمیوںکی تیمارداری کے لئے آتے رہے اور ان کے حوصلوں اور صبر کر سراہتے رہے۔ 


خبر کا کوڈ: 215384

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/215384/ڈیرہ-اسماعیل-خان-دھماکے-کے-دو-مزید-زخمی-نشتر-اسپتال-ملتان-منتقل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org