0
Monday 26 Nov 2012 22:29

طالبان ہمارے داخلی اور امریکہ خارجی دشمن ہیں،فضل کریم

طالبان ہمارے داخلی اور امریکہ خارجی دشمن ہیں،فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ پاکستان جنازوں کا ملک بن چکا ہے، چاروں صوبوں میں بم دھماکوں سے ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستان کا کوئی شہر محفوظ نہیں، ہر پاکستانی عدم تحفظ کا شکار ہے، حکام محفوظ اور عوام غیرمحفوظ ہیں، دہشت گردوں کو غیرملکی پشت پناہی حاصل ہے، پاکستانی سیاست کو رئیس زادوں نے یرغمال بنایا ہوا ہے، جمہوریت کی دعویدار جماعتوں کے اندر جمہوریت کا فقدان ہے۔

سنی اتحاد کونسل کے مرکزی دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہر جماعت فرد واحد کے گرد گھومتی ہے اور ہر لیڈر آمر بنا ہوا ہے، پارٹی ٹکٹ اہلیت کی بجائے دولت کی بنیاد پر دیئے جاتے ہیں، سیاسی جماعتوں میں خودپرستی کا چلن عام ہے، پاکستان کی سلامتی شدید خطرات سے دوچار ہے اس لیے پاکستان سے وفاداری کو ایمان سمجھنے والے متحد ہو جائیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ طالبان ہمارے داخلی اور امریکہ خارجی دشمن ہے، قومی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی سازشوں کو ناکام بنانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ امریکہ نواز غلامانہ خارجہ پالیسی تبدیل کرنا ہو گی، سنجیدگی اور متانت کے ساتھ بڑے فیصلے نہ کئے گئے تو پاکستان صومالیہ اور روانڈہ بن جائے گا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پاکستانی قوم مسلسل دہشت گردی کا ایندھن بن رہی ہے، قوم 65 سال سے قائداعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان کی تلاش اور انتظار میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کی نالائقیاں جمہوریت کے عدم استحکام کا سبب بن سکتی ہیں، اپنے جرائم چھپانے کے لیے اداروں کو ڈھال بنانے کا رویہ ترک کرنا ہو گا، امریکہ اپنے بدترین انجام کی طرف گامزن ہے اور امریکہ کا ٹوٹنا نوشتۂ دیوار ہے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہاکہ حکومت کی مدت تو پوری ہو گئی لیکن پاکستان زخموں سے چور چور ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں کی رقم حکمرانوں کی عیاشیوں پر خرچ ہو رہی ہے، پاکستان کے معصوم بچوں کو دین کے نام پر گمراہ کرنے والے جنونیوں اور فسادیوں کو ریاستی گرفت میں لایا جائے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ دہشت گردوں کو سزائیں دلوانے کے لیے مؤثر اور سخت قانون سازی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پندرہ بھارتی قونصل خانے پاکستانی دہشت گردوں کو تربیت اور اسلحہ فراہم کر رہے ہیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ جمہوریت کے نام پر مخصوص اقلیت نے سیاست پر قبضہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم امریکی اتحادی بننے کے لیے تیار نہیں ہے، حکمرانوں نے پاکستان کو دھماکستان اور مسائلستان بنا دیا ہے، عوام ان مسائل اور امریکی غلام حکمرانوں سے نجات کیلئے صالح قیادت کو ووٹ دیں۔
خبر کا کوڈ : 215425
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش