0
Monday 26 Nov 2012 22:50

دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے تمام جماعتوں کو مل بیٹھنا ہو گا، شہباز شریف

دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے تمام جماعتوں کو مل بیٹھنا ہو گا، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے سد باب کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر قومی ایجنڈا بنانا ہو گا تاکہ دہشت گردی کی جڑیں کاٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جا سکے۔ دنیا اخبار کے ایگزیکٹو ایڈیٹر، بیوروچیف سلمان غنی کی والدہ کی وفات پر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ان کی رہائش گاہ پر جا کران سے تعزیت کی۔ اس موقع پر مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنا قومی ذمہ داری ہے اور اس معاملے میں سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ فرقہ واریت کو ہوا دینے والے کبھی ملک و قوم سے مخلص نہیں ہو سکتے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کراچی کی صورتحال ہر پاکستانی کے لیے لمحہ فکریہ ہے اور ملک میں موجود تمام مسائل کا سیاسی حل ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات کے بروقت انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ گذشتہ چار سالوں کی طرح اس مرتبہ بھی صوبہ بھر میں یوم عاشور پرامن رہا ہے اور کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا جس پر اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجالاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران پرامن ماحول برقرار رہنے کے حوالے سے کابینہ کمیٹی، منتخب نمائندوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں، علمائے کرام، ذاکرین، عوام کا تعاون اور متعلقہ محکموں کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحد ہو کر ہی دہشت گردی کا خاتمہ اورملک کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے یوم عاشور پر تسلی بخش اور فول پروف سکیورٹی انتظامات پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گئے، پورے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں رہی۔ واضح رہے کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف یوم عاشور کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی انتظامات کی خود مانیٹرنگ کرتے رہے۔
خبر کا کوڈ : 215434
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش