QR CodeQR Code

مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے علامہ اظہر کاظمی کی گرفتاری کی مذمت، احتجاج کا اعلان

27 Nov 2012 21:05

اسلام ٹائمز: ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حکومت ہماری پرامن جدوجہد کو ہماری کمزوری سمجھ رہی ہے، پوری قوم بے گناہ عالم دین کی گرفتاری کے خلاف سٹرکوں پر نکل آئے اور اتحاد دشمنوں کے خلاف نفرت کا اظہار کرے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے جھنگ میں مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ اظہر کاظمی کی بلاجواز گرفتاری کو پنجاب میں پرامن لوگوں میں اشتعال پھیلانا قرار دیا اور اس کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جھنگ کے حالات کو جان بوجھ کے خراب کیا جا رہا ہے، پنجاب انتظامیہ پرامن لوگوں پر تشدد کر رہی ہے اور گرفتاریوں میں مصروف ہے، حالات ایسے رہے تو پاکستان بھر میں احتجاج شروع ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر قانون پنجاب کالعدم جماعتوں کی سرپرستی چھوڑ دیں اور ملت تشیع پر اتنا ظلم کریں جتنا وہ اور ان کے حواری برداشت بھی کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اظہر کاظمی کی گرفتاری پر جھنگ میں اس وقت ہزاروں لوگ سٹرکوں پر ہیں اور دور دراز کے علاقوں سے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
 
ادھر مجلس وحدت مسلمین پاکستان مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے بھی اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ علامہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت مکمل طور پر فرقہ واریت کو فروغ دینے اور تکفیری گروہ کی سرپرستی میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل پنجاب حکومت، میاں برادران اور مسلم لیگ ن کو مہنگا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ بے جا لوگوں کے معاملات میں دخل اندازی انتظامیہ کے روز کا معمول بن چکا ہے اور ہماری صلح پسندی اور پرامن جدوجہد کو کمزوری سمجھا جا رہا ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں علامہ ناصر عباس جعفری نے پاکستان بھر کے اضلاع کو حکم دیا ہے کہ وہ کل سڑکوں پر نکلیں اور وزیر قانون پنجاب سمیت تمام اتحاد بین المسلمین کے دشمنوں سے اظہار بیزاری کریں اور اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کروائیں۔ انہوں نے کہاکہ علامہ اظہر کاظمی کو رہا نہ کیا گیا تو حالات کی تمام تر ذمہ داری وزیر قانون پنجاب اور پنجاب حکومت پر عائد ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 215732

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/215732/مجلس-وحدت-مسلمین-کی-جانب-سے-علامہ-اظہر-کاظمی-گرفتاری-مذمت-احتجاج-کا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org