QR CodeQR Code

علامہ طاہرالقادری کا ایجنڈا غریب کا مقدر چمکا دے گا، شیخ زاہد فیاض

27 Nov 2012 23:16

اسلام ٹائمز:تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ کاکہناہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنی ریسرچ کے عدسے سے موجودہ انتخابی نظام کی تمام تر خرابیوں کو عوام کے سامنے آشکار کر دیا ہے اس لئے اب اس نظام کا بیڑہ غرق ہونے کو ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پنجاب بھر سے آئے تحریک منہاج القرآن کے نگرانوں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر تے ہوئے تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ موجودہ استحصالی اور کرپٹ نظام انتخاب کے دن گنے جا چکے ہیں کیونکہ عوام اسکی اصلیت سے آگاہ ہو چکے ہیں، اسکے تابوت میں آخری کیل 23 دسمبر کو ٹھونکی جائے گی، علامہ طاہر القادری مینار پاکستان پر جس ایجنڈے کا اعلان کریں گے وہ غریب کا مقدر چمکا دے گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنی ریسرچ کے عدسے سے موجودہ انتخابی نظام کی تمام تر خرابیوں کو عوام کے سامنے آشکار کر دیا ہے اس لئے اب اس نظام کا بیڑہ غرق ہونے کو ہے، 23 دسمبر کو عوام لاکھوں کی تعداد میں مینار پاکستان پہنچ کر ڈاکٹر طاہر القادری کے ایجنڈے کی تائید کر کے نئے پاکستان کی تشکیل کریں گے۔شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ مینار پاکستان پر لاکھوں کی تعداد میں خواتین بھی شرکت کریں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے تمام صوبوں اور آزاد کشمیر سے لاکھوں افراد مینار پاکستان پہنچ کر ملک کی حالت زار کو بدلنے کا عہد کریں گے اور 23 دسمبر ملک میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے بغیر الیکشن قوم کی پشت میں چھرا مارنے کے مترادف ہوں گے، عوام شعور ی بیداری سے چند خاندانوں کے پارلیمنٹ تک پہنچنے کے تمام امکانات ختم کر کے اپنے حقیقی نمائندوں کے اسمبلی میں پہنچنے کی راہ ہموار کریں۔


خبر کا کوڈ: 215780

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/215780/علامہ-طاہرالقادری-کا-ایجنڈا-غریب-مقدر-چمکا-دے-گا-شیخ-زاہد-فیاض

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org