0
Wednesday 28 Nov 2012 23:57

90 دن میں ملکی مسائل حل کرنے کا دعویٰ کرنیوالے جھوٹ بول رہے ہیں، نواز شریف

90 دن میں ملکی مسائل حل کرنے کا دعویٰ کرنیوالے جھوٹ بول رہے ہیں، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے، قومی مسائل 90 دن میں حل نہیں ہوسکتے، ایسا کہنے والے قوم کو سبز باغ دکھا رہے ہیں، ووٹ لینے کیلئے قوم سے جھوٹ نہ بولا جائے، ملکی مسائل کو حل کرنے میں وقت لگے گا، مسلم لیگ (ن) عام انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کریگی، حکومت میں آکر سوات تک موٹروے اور دیر تک ایکسپریس وے بنائینگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے، بار بار جمہوریت کو ڈی ریل کرنے سے ملکی مسائل میں اضافہ ہوا، جو آج اپنی انتہاء کو پہنچ چکے ہیں۔ ملکی مسائل انتہائی گھمبیر ہیں، جنہیں سب کو مل کر حل کرنا ہوگا، کراچی جل رہا ہے جبکہ بلوچستان میں لوگوں کا جینا دوبھر ہوگیا ہے، غربت اور بیروزگاری نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے۔

نوازشریف نے مزید کہا کہ ملکی مسائل کو حل کرنا کسی ایک جماعت یا شخص کی بات نہیں، ملک کے مسائل انتہائی گھمبیر ہیں، ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سخت جدوجہد کرنا پڑے گی، جو لوگ 90 دن میں ملکی مسائل حل کرنے کا دعویٰ کر رہے ہیں وہ ووٹ لینے کیلئے قوم کو سبز باغ دکھا رہے ہیں اور جھوٹ بول رہے ہیں۔ ووٹ لینے کیلئے قوم سے جھوٹ نہ بولا جائے، ملکی مسائل حل ہوسکتے ہیں لیکن اس میں وقت لگے گا۔ نواز شریف نے کہا کہ ہماری ماہرین کی ٹیم ملک کو مسائل سے نکالنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے، قومی ایجنڈے کے تحت تمام مسائل کو حل کیا جائے گا، اگر الیکشن جیت کر مسائل حل نہ کرپائے تو یہ ملک کے ساتھ زیادتی ہوگی۔
 
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں مہنگائی، بیروزگاری اور غربت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہوگئی ہے۔ پاکستان کو بدلنے کیلئے عوام آگے آئیں، ہم عوام کے ساتھ مل کر مسائل کو حل کریں گے اور قوم کو مایوس نہیں کریں گے، نوازشریف نے کہا کہ ہمارے ملک کے نوجوان تبدیلی لائیں گے، مجھے سوات، ملاکنڈ سمیت پورے ملک کے عوام سے محبت ہے، سوات کے عوام نے پہلے بھی مجھ سے اپنی محبت کا اظہار کیا اور مجھے یقین ہے کہ وہ آئندہ بھی اپنی محبت کا اظہار کریں گے۔ مجھے وزیراعظم بنانے میں سوات کے عوام کا بھی ووٹ شامل تھا، سوات کے عوام میرے ساتھ ہیں۔
خبر کا کوڈ : 216002
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش