0
Monday 8 Mar 2010 13:42

لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں خود کش حملہ، 12 جاں بحق 70 زخمی

لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں خود کش حملہ، 12 جاں بحق  70 زخمی
اسلام ٹائمز - اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے ماڈل ٹاون میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں بارہ افراد جاں بحق اور ستر زخمی ہو گئے۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو جناح اسپتال اور دیگر اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ دھماکے میں 600 کلوگرام دھماکہ خیز مواد استمال کیا گیا۔ دھماکے کے مقام پر 18 فٹ چوڑا اور 6 فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا۔ خودکش حملہ آور کا سر بھی مل گیا ہے جبکہ کالعدم تحریک طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
دھماکہ ایک حساس ادارے کے دفتر کے باہر ہوا۔ دھماکے سے ادارے کی عمارت منہدم ہو گئی اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ اس عمارت کو اس سے پہلے بھی دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ دھماکے کے بعد لاہور کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ڈی سی او لاہور سجاد احمد بھٹہ نے بتایا کہ یہ ایک خودکش کار بم دھماکہ تھا۔ کمشنر لاہور خسرو پرویز نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلہ چلتا رہے گا۔ جناح اسپتال میں اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور دھماکے میں 800 کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی پلانز کا از سر نو جایزہ لیا جائے گا۔
آئی جی پنجاب طارق سلیم ڈوگر نے بتایا کہ بم دھماکے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں جس کے بعد ہی صحیح صورتحال سامنے آ سکے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ حملہ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے دفتر پر ہوا ہے۔ ایس پی ماڈل ٹاون نے بتایا کہ اس دفتر پر پولیس کی نفری تعینات تھی اور یہ حملہ بھی پولیس پر کیا گیا ہے۔
جناح اسپتال کے ڈاکٹر جاوید اکرم نے بتایا کہ ہلاک شدگان میں ایک بچی اور خاتون بھی شامل ہیں۔ یہ بچی اپنی ماں کے ساتھ اسکول جا رہی تھی۔ جبکہ بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ زخمیوں کو مکمل طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق 4 زخمی پراسرار طور پر اسپتال سے غائب ہو گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 21602
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش