QR CodeQR Code

پاکستان میں طبقاتی جمہوریت مسلط ہے،قیوم نظامی

28 Nov 2012 22:01

اسلام ٹائمز:سنیئر صحافی کا طلبہ کو لیکچر کے دروان کہنا تھا کہ افسوس اقبال کے اشعار کے بغیر تقریر کو ادھورا سمجھنے والے ’’قائدین‘‘ فکر اقبال کے باغی ہیں،اقبال اس جمہوریت کے قائل تھے جو روحانی اور اخلاقی تو ہو مگر شیطانی نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سینئر صحافی و کالم نگار قیوم نظامی نے منہاج یونیورسٹی کے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے سینئر طلباء کو لیکچر دیتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر اقبال (رح) نے مغربی جمہوریت کے مقابل اسلام کا حقیقی تصور جمہوریت دیا، پاکستان میں جمہوریت کی موجودہ شکل ڈاکٹر اقبال(رح) کے تصور جمہوریت سے متصادم ہے اس لئے ہمارا معاشرہ تنزلی کی بدترین تصویر پیش کر رہا ہے ،ڈاکٹر اقبال کا تصور جمہوریت یہ ہے کہ ملک کے غریب عوام امیروں پر ٹیکس لگائیں،اقبال ایسی سیاست کے قائل تھے جو ریاست کو استحکام اور عوام کو خوشحالی دے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام انتخاب مستقبل کے اقبال و جناح کو دفن کئے جا رہا ہے اور یہ نظام شیطانی جمہوری ہے جس کے خلاف ڈاکٹر طاہر القادری نے موثر آواز بلند کر دی ہے، نظام انتخاب کے خلاف 23 دسمبر کو ڈاکٹر طاہر القادری کی کال وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد جمہوری نظام کے اندر ایک بھی سیاستدان نہیں جو اقبال(رح) اور جناح کی فکر کا امین ہو،پاکستان میں طبقاتی جمہوریت مسلط ہے، جس میں امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسوس اقبال کے اشعار کے بغیر تقریر کو ادھورا سمجھنے والے ’’قائدین‘‘ فکر اقبال کے باغی ہیں،اقبال اس جمہوریت کے قائل تھے جو روحانی اور اخلاقی تو ہو مگر شیطانی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مساوات پر مبنی جمہوریت ہی اعلیٰ اسلامی اقدار پروان چڑھا سکتی ہے۔ اقبال(رح) نے جس جمہوریت کا تصور دیا وہ فرائض کی ادائیگی کے گرد گھومتا ہے اس سے ہر ایک کو حق خود بخود مل جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا 40 سال کے سیاسی تجربہ کا نچوڑ یہ ہے کہ حکمرانوں نے قومی مفادات کو ذاتی مفادات کی خاطر ذبح کیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 216025

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/216025/پاکستان-میں-طبقاتی-جمہوریت-مسلط-ہے-قیوم-نظامی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org