QR CodeQR Code

علماء کرام مسلمانوں کو آپس میں جوڑنے کے لئے مثبت کردار ادا کریں، ڈاکٹر وسیم اختر

29 Nov 2012 00:47

اسلام ٹائمز: جماعت اسلامی پنجاب کے امیر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ متحد ہوکر ہی ہم اغیار کی طرف سے تفرقہ بازی کے لئے کی جانے والی مذموم سازشوں کو ناکام بنا سکتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ ملک و ملت کے تمام مسائل کا حل نظام مصطفیٰ (ص) کے نفاذ میں پنہاں ہے، مدارس اور خانقاہوں پر چھاپے مار کرحکومت اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنا چاہتی ہے، علماء کرام مسلمانوں کو آپس میں جوڑنے کے لئے مثبت کردار ادا کریں، متحد ہوکر ہی ہم اغیار کی طرف سے تفرقہ بازی کے لئے کی جانے والی مذموم سازشوں کو ناکام بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی شروع دن سے اتحاد امت اور اللہ کی زمین پر اللہ و رسول (ص) کے نظام کے نفاذ کے لئے جدوجہد کر رہی ہے، اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے اس کے آفاقی اصولوں پر عمل پیرا ہوکر ہی ملک کو موجودہ گمبھیر مسائل کی دلدل سے نکالاجاسکتا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں کسی انگریز کا قانون نہیں چل سکتا، ظالم حکمران عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں نیز کرپشن کی انتہا ہوچکی ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت میں حج جیسے مقدس فریضے میں بھی کرپشن کی بدترین مثالیں قائم کی گئیں، من پسند کمپنیوں اور افراد کو نوازا جارہا ہے۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہا کہ ملتان، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، کراچی سمیت متعدد شہروں میں سی این جی سٹیشن کی بدستور بندش کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، سی این جی ایسوسی ایشن اور اوگرا معاملات کو افہام و تفہیم سے جلد حل کریں تاکہ عوام کو ریلیف میسر آسکے، دونوں کی لڑائی میں عوام پس رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 216107

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/216107/علماء-کرام-مسلمانوں-کو-آپس-میں-جوڑنے-کے-لئے-مثبت-کردار-ادا-کریں-ڈاکٹر-وسیم-اختر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org