QR CodeQR Code

فیملی ہیلتھ ہسپتال کا سیٹ اپ پورے گلگت بلتستان کے لئے ایک بہترین مثال ہے، سعد سکندر خان

29 Nov 2012 15:38

اسلام ٹائمز: اپنے خصوصی دورے کے موقع پر گلگت بلتستان کے سیکریٹری صحت نے کہا کہ گورنمنٹ اور پرائیویٹ سیکٹر میں تعاون کو بڑھانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائینگے تاکہ گلگت بلتستان میں عوام کو صحت کی سہولیات معیاری انداز میں فراہم کی جاسکیں گی۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے سیکریٹری صحت سعد سکندر خان نے فیملی ہیلتھ ہسپتال جوٹیال اور گرلز ڈگری کالج میں یوتھ ریسورس سنٹر کا دورہ کیا۔ سیکریٹری صحت نے فیملی ہیلتھ ہسپتال کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کو عوام کے لئے تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ اپنے محدود وسائل میں عوام کو صحت کی جدید اور بہترین سہولیات اور خاندانی منصوبہ بندی کے خدمات بہم پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیملی ہیلتھ ہسپتال کا سیٹ اپ پورے گلگت بلتستان بلکہ پورے ملک کے لئے ایک بہترین مثال ہے، جہاں پر اسٹاف قلیل تنخواہوں کے باوجود تندہی اور محنت سے اپنی پیشہ وارانہ خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے ایف پی اے پی کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ اور پرائیویٹ سیکٹر میں تعاون کو بڑھانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائینگے تاکہ گلگت بلتستان میں عوام کو صحت کی سہولیات معیاری انداز میں فراہم کی جاسکیں گی۔

ایف پی اے پی کے پروگرام منیجر رضوان علی اور فیملی ہیلتھ ہسپتال گلگت کی ایم ایس ڈاکٹر حفیظہ بانو نے ہسپتال کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اپنے محدود وسائل میں رہ کر گلگت بلتستان کے عوام کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لئے کر دار ادا کررہے ہیں تاہم ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی کی وجہ سے کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔ اس موقع پر ایف پی اے پی کے رہنما یوتھ آفیسر محمد حسین نے سیکریٹری صحت کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یوتھ پراجیکٹ گلگت بلتستان میں نوجوانوں کی رہنمائی کے لئے گزشتہ 6 سالوں سے کام کر رہا ہے، جس میں جسمانی صحت، کیریئر پلاننگ اور ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے ملک کی مجموعی آبادی کا 43 فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوانوں کی بہتر انداز میں رہنمائی کرکے معاشرے میں انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 216292

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/216292/فیملی-ہیلتھ-ہسپتال-کا-سیٹ-اپ-پورے-گلگت-بلتستان-کے-لئے-ایک-بہترین-مثال-ہے-سعد-سکندر-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org