QR CodeQR Code

اے این پی کی حکومت نے خیبر پختونخوا کو کربلا بنا دیا ہے، سراج الحق

30 Nov 2012 00:23

اسلام ٹائمز: بنوں میں منعقدہ جلسہ اسلامی انقلاب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اس وقت قوم معاشی دہشت گردوں کے نرغے میں ہے، جو قوم کی دولت لوٹ لوٹ کر کھا رہے ہیں اور بیرون ملک منتقل کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ اے این پی کی حکومت نے خیبر پختونخوا کو کربلا بنا دیا ہے، پختونوں کی سرزمین کو اپنے جھنڈے کی طرح پختونوں کے خون سے سرخ کر دیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنوں میں منعقدہ جلسہ اسلامی انقلاب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ اے این پی صوبے میں امن قائم کرنے کی بجائے لشکر بنا بنا کر کلاشنکوف تقسیم کر رہی ہے، اسفندیار ولی نے پختونوں کی سرزمین کو خیرباد کہہ دیا ہے اور بیرون ملک یا اسلام آباد کو اپنا مستقل مسکن بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک پر چوروں اور ڈاکوئوں کا راج ہے۔ جو لوگ جیلوں میں ہونے چاہیے تھے وہ آج ایوان صدر اور پارلیمنٹ میں براجمان ہیں، بدقسمتی سے مولانا فضل الرحمان بھی ان کے ساتھ جا بیٹھے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت قوم معاشی دہشت گردوں کے نرغے میں ہے، جو قوم کی دولت لوٹ لوٹ کر کھا رہے ہیں اور بیرون ملک منتقل کر رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور اے این پی نے ملک میں آپریشن کیا ہے لیکن انتخابات میں قوم ان کا آپریشن کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے پاس وقت ہے کہ ان دہشت گردوں سے اپنا پیچھا چھڑا لے، یہ لوگ روپ بدل بدل کر عوام کے پاس آرہے ہیں، ہم انتخابات کو ہائی جیک نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ شریعت کے قیام اور دیانتدار قیادت کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔


خبر کا کوڈ: 216395

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/216395/اے-این-پی-کی-حکومت-نے-خیبر-پختونخوا-کو-کربلا-بنا-دیا-ہے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org