QR CodeQR Code

آنے والا الیکشن ہمارے قومی وجود کی بقاء کا تعین کرے گا، شاہی سید

30 Nov 2012 15:51

اسلام ٹائمز: صوبائی تھنک ٹینک کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی سندھ کے صدر نے کہا کہ پارلیمانی سیاست میں ووٹ کا بنیادی کردار ہوتا ہے، ہم تمام مظلوم قومیتوں کے حقوق کے علمبردار ہیں اور تمام مظلوم طبقات کی بقاء کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ کراچی کی صورتحال کے حوالے سے ہم سب کو ایک آواز ہونا پڑے گا، دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہم سب کو سیاسی طور پر ایک آواز ہونا پڑے گا، ہمارے سیاسی وجود کے خلاف شب روز سازشیں کی جارہی ہیں، آنے والا الیکشن ہمارے قومی وجود کی بقاء کا تعین کرے گا، ووٹ کے اندراج اور ووٹ کے صحیح استعمال کو قومی فریضہ سمجھنا ہوگا، سازشوں کا مقابلہ قلم اور کاغذ سے کرتے ہوئے ہی قومی حقوق کا حصول اور بقاء ممکن ہے، عہدیداران و کارکنان درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے خود کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں، پختون قوم نے اب بھی پارلیمانی سیاست کی اہمیت کو نہ سمجھا تو آنے والا دور ان کے لیے شدید مشکلات لیکر آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر اور پختون ایکشن کمیٹی (لویہ جرگہ) کے چیئرمین سینیٹر شاہی سید نے اے این پی کے صوبائی تھنک ٹینک کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شاہی سید نے کہا کہ پارلیمانی سیاست میں ووٹ کا بنیادی کردار ہوتا ہے، ہم تمام مظلوم قومیتوں کے حقوق کے علمبردار ہیں اور تمام مظلوم طبقات کی بقاء کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، تمام مظلوموں قومیتوں کو عوامی نیشنل پارٹی کے پلیٹ فارم سے سیاسی جدوجہد کی دعوت دیتے ہیں، کوئی کسی خوش فہمی میں نہ رہے عوامی نیشنل پارٹی سندھ میں ایک سیاسی حقیقت ہے اور تمام سازشوں سے کا سامنا کرنا اور ان کا منہ توڑ جواب دینا ہمیں آتا ہے۔ باچا خان مرکز سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں آئندہ عام انتخابات، ووٹر لسٹوں اور مجوزہ انتخابی حلقہ بندیوں کے حوالے تمام امور کا جائزہ لیا گیا اور صوبائی الیکشن سیل کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور ضلعی اور پی ایس کی سطح پر الیکشن سیل کی تشکیل کا بھی فیصلہ کیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 216547

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/216547/آنے-والا-الیکشن-ہمارے-قومی-وجود-کی-بقاء-کا-تعین-کرے-گا-شاہی-سید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org