QR CodeQR Code

زرداری کو عوام نے نہیں امریکہ نے صدر بنایا ہے، غنوی بھٹو

30 Nov 2012 21:44

اسلام ٹائمز: لودھراں میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی چیئر پرسن کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف سے کوئی سیٹ ایڈ جسٹمنٹ نہیں ہو رہی، عوام کو براہ راست انتخابات میں شریک کرنا چاہتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی چیئرپرسن غنوی بھٹو نے کہا ہے کہ طبقاتی نظام ملکی ترقی میں سب سے بڑی رُکاوٹ ہے، اس نظام کی بدولت تعلیم، روزگار، صحت اور خوشحالی بھی طبقاتی ہو چکی ہے، 2 فیصد کے لیے 98 فیصد عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم کردیا گیا ہے، طبقاتی نظام کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکیں گے اور ملک کو حقیقی معنوں میں اسلامی جمہوریہ بنائیں گے، ہم تعلیم، صحت اور فلاحی کاموں کے ذریعے انقلاب لائیں گے، ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے لودھراں میں جلسہ عام اور پارٹی ورکرز کے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ زرداری کو عوام نے نہیں بلکہ امریکہ نے صدر بنایا ہے، پاکستان پر زرداری کی صورت میں اوباما حکمرانی کرتا ہے، ہمارا منشور ہے کہ عوام کو ہتھیار بنا کر شخصیات کو نہیں بلکہ اداروں کو مضبوط بنائیں گے۔
 
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سے کوئی سیٹ ایڈ جسٹمنٹ نہیں ہو رہی، عوام کو براہ راست انتخابات میں شریک کرنا چاہتے ہیں، چند لوگوں کا پاکستانی سیاست پر قبضہ ہے ہم نے کسان، مزدور، وکلاء اور صحافیوں کے ساتھ مل کر تبدیلی کا آغاز کردیا ہے۔ پیپلزپارٹی شہید بھٹو کی چیئرپرسن نے نئے صوبوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہاں اکثریت رائے شامل ہو وہاں صوبہ بننا چاہیے، جنوبی پنجاب میں سرائیلی عوام کی اکثریت ہے تو ان کی رائے کو مد نظر رکھتے ہوئے سرائیکی صوبہ بننا چاہیے، اُنہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگ پیپلزپارٹی سے بے حد محبت کرتے ہیں لیکن یہاں کے صاحب اقتدار لوگ اور امیر زادے پی پی پر ناجائز قابض ہیں۔


خبر کا کوڈ: 216572

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/216572/زرداری-کو-عوام-نے-نہیں-امریکہ-صدر-بنایا-ہے-غنوی-بھٹو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org