QR CodeQR Code

کالا باغ ڈیم کی بڑی حامی ہونے کے باوجود ن لیگ عدالت عالیہ لاہور کے فیصلے سے نالاں

30 Nov 2012 22:33

اسلام ٹائمز:ن لیگ کے ایک سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ اگر یہ فیصلہ لاہور ہائی کورٹ کی بجائے کسی اور صوبے کی عدالت کی طرف سے آتا تو اچھا تھا مگر پنجاب کی ہائی کورٹ سے اس وقت جبکہ الیکشن قریب ہیں اس طرح کا فیصلہ آنا اچھا نہیں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ن کے ایک سینئر رہنماء کے مطابق میاں نواز شریف، وزیرا علی شہباز شریف، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان سمیت کئی مرکزی رہنماء لاہور ہائی کورٹ کے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے موجودہ حالات میں فیصلے سے نالاں ہیں کہ سندھ میں قوم پرستوں کے ساتھ ان کے اتحاد کو اس فیصلے سے زک پہنچ سکتی ہے اور پیپلز پارٹی، اے این پی، ایم کیو ایم نے اس فیصلے پرعدالت کو کم مسلم لیگ ن کو زیادہ نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے اور اس فیصلے کا ن لیگ کو سندھ اور خیبر پختونخوا میں سیاسی نقصان ہوسکتا ہے۔ رہنماء کا موقف تھا کہ سندھ میں مسلم لیگ ن نے نئے بلدیاتی نظام کے خلاف قوم پرستوں کی ہڑتال کی حمایت کی تھی مگر جمعہ کو یہ ہڑتال سندھ میں کالاباغ ڈیم کے معاملے پر آنے والے فیصلے کے خلاف کی گئی اور ن لیگ کو اب اس کی وضاحتین دینا پڑ رہی ہیں۔

ایک سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ اگر یہ فیصلہ لاہور ہائی کورٹ کی بجائے کسی اور صوبے کی عدالت کی طرف سے آتا تو اچھا تھا مگر پنجاب کی ہائی کورٹ سے اس وقت جبکہ الیکشن قریب ہیں اس طرح کا فیصلہ آنا اچھا نہیں ہے، ن لیگ کالاباغ ڈیم کی حامی ہے مگر اس حقیقت کو بھی تسلیم کر لیا جائے کہ یہ ڈیم تعمیر نہیں ہوسکتا، چاہے ہائیکورٹ کی بجائے کتنی ہی بڑی عدالت اس کے حق میں فیصلہ دے دے، کیونکہ یہ مسئلہ سیاسی ہے اور سندھ اور خیبر پختونخوا کے لوگ اس ڈیم کا نام سننا پسند ہی نہیں کرتے تو یہ کسی عدالت کے فیصلے پر کیسے بنے گا اس کے لئے اتفاق رائے ہونا بہت ضروری ہے تاہم لاہورہائی کورٹ کے فیصلے نے مسلم لیگ کو سیاسی طور پر نقصان پہنچایا ہے اور اسی وجہ سے پنجاب حکومت اس پر قومی اتفاق رائے کو اہم قرار دے رہی ہے جبکہ پی پی سمیت دیگر مخالف جماعتوں نے اپنی توپوں کے رخ ن لیگ کی طرف موڑ دیئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 216629

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/216629/کالا-باغ-ڈیم-کی-بڑی-حامی-ہونے-کے-باوجود-ن-لیگ-عدالت-عالیہ-لاہور-فیصلے-سے-نالاں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org