0
Sunday 2 Dec 2012 13:55

شباب ملی نے نوجوانوں کو اُمید کا پیغام دینے کیلئے مہم شروع کردی ہے، عتیق الرحمان

شباب ملی نے نوجوانوں کو اُمید کا پیغام دینے کیلئے مہم شروع کردی ہے، عتیق الرحمان
اسلام ٹائمز۔ شباب ملی پاکستان کے مرکزی صدر عتیق الرحمان نے کہا ہے کہ شباب ملی نے پورے پاکستان کے اندر کامیاب ممبر سازی مہم کا آغاز کیا ہے اور اب چاروں صوبوں سے لاکھوں کی تعداد میں نوجوان شباب ملی کے ممبر بن چکے ہیں، قیام پاکستان کے بعد سے لے کر آج تک ہر دور حکومت میں نوجوانوں کو ان کے حقوق سے محروم رکھا گیا اور نوجوانوں کو ان کے بہتر مستقبل کے حوالے سے کوئی پالیسی نہیں دی گئی، آج پاکستان کے اندر 2 کروڑ سے زائد نوجوان ووٹرز ہیں، پاکستان کا نوجوان اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے سبب اب بیدار ہو چکا ہے۔ ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شباب ملی پاکستان کے مرکزی صدر نے کہا کہ شباب ملی پاکستان نے نوجوانوں کو اُمید کا پیغام دینے کیلئے یوتھ پاکستان، اُمید پاکستان کے نام سے مہم لانچ کی ہے، جس کے نتیجے میں اب تک لاکھوں نوجوانوں نے شباب ملی کے نظریئے سے اتفاق کرتے ہوئے خود کو ملک پاکستان کی خدمت کیلئے پیش کیا ہے، شباب ملی پاکستان کے تحت نوجوانوں کو شعوری طور پر بیدار کرنے اور ان کے حقوق کی جنگ کی خاطر پورے پاکستان میں یوتھ پاکستان، اُمید پاکستان کے تحت ''یوتھ کنزنشنز'' کا انعقاد کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان یوتھ کنونشنز میں ہزاروں کی تعداد میں نوجوان شریک ہوئے ہیں اور ان نوجوانوں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ اس ملک سے کرپٹ، نااہل اور بددیانت حکمرانوں کا خاتمہ کرکے اس ملک کی قیادت صالح، ایماندار اور اہل لوگوں کے ہاتھ میں دینی ہے۔ عتیق الرحمان نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب میں شباب ملی نے نوجوانوں کو وڈیروں، جاگیرداروں اور کرپٹ سیاستدانوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے پورے پاکستان کی طرح یہاں بھی نوجوانوں کو بیدار اور متحد کرنے کیلئے ''یوتھ کنونشنز'' کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے تاکہ الیکشن کے انعقاد پر یہ نوجوان ان نااہل اور کرپٹ سیاستدانوں سے چھٹکارا حاصل کرسکیں، انہوں نے کہا کہ حکومت جلد از جلد عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے اور نگران سیٹ اپ لایا جائے، شباب ملی حکومت اور اسکے اتحادیوں کو الیکشن سے راہ فرار اختیار نہیں کرنے دے گی، اگر حکومت نے ایسا کیا تو ہم پاکستان کے نوجوانوں کے متحد کرکے حکومت کے خلاف ایسی تحریک چلائیں گے کہ جس سے حکومت اور اس کے اتحادیوں کا تختہ اُلٹ جائے گا، اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع ملتان کے امیر میاں آصف محمود اخوانی، صدر شباب ملی جنوبی پنجاب رضا محمد قادری، صدرشباب ملی ملتان سید حسنین رضا بھی ہمراہ تھے۔
خبر کا کوڈ : 216977
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش