0
Sunday 2 Dec 2012 14:10

جمعیت علماء اسلام (ف) کی جنوبی پنجاب میں انتخابی سرگرمیاں تیز

جمعیت علماء اسلام (ف) کی جنوبی پنجاب میں انتخابی سرگرمیاں تیز
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام (ف)نے پنجاب بھر میں عوامی رابطہ مہم تیز کرنے اور جنوبی پنجاب کو انتخابی سرگرمیوں میں خصوصی ہدف بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اس مقصد کے لیے جے یو آئی کے رہنمائوں نے جنوبی پنجاب کے اہم دینی مدارس کے منتظمین، خانقاہوں کے سجادہ نشین اور بزرگ علمائے کرام سے رابطے شروع کردیئے ہیں، ذرائع کے مطابق بہاولپور صوبہ بحالی تحریک کے رہنمائوں سے انتخابی مفاہمت کے لیے ابتدائی رابطے کئے ہیں اور دیگر سیاسی جماعتوں مسلم لیگ(ن)، مسلم لیگ(ق) اور پی پی پی سے بھی رابطے کئے جارہے ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام نے پنجاب بھر میں عام انتخابات کے حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی بنانے کے لئے سیاسی کمیٹی قائم کی ہے، جس میں مولانا رشید احمد لدھیانوی، مولانا محمد امجد خان، مولانا ڈاکٹر عتیق الرحمان، سید خور شید عباس گردیزی، پیر فیاض حسین شاہ شامل ہیں، جے یو آئی نے آئندہ انتخابات میں جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع ڈیرہ غازی خان، تونسہ تشریف، رحیم یار خان، راجن پور، مظفر گڑھ، ملتان اور بھکر میں بھرپور طریقے سے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جے یو آئی 1977ء کے عام انتخابات کے بعد جنوبی پنجاب کے سیاسی منظر نامے سے غائب رہی اور گروپ بندی اور پھر کالعدم جماعت سپاہ صحابہ کی تشکیل نے جے یو آئی کی سیاسی حیثیت کو جنوبی پنجاب میں بری طرح متاثر کیا، جس کی وجہ سے 1970 و 1977ء کے انتخابات کی طرح جے یو آئی کو بعد میں ہونے والے عام انتخابات میں کوئی کامیابی نہیں ملی۔ جے یو آئی نے 35 سال بعد جنوبی پنجاب کی سیاست میں سرگرم کردار ادا کرنے کیلئے کارکنوں کو متحرک کردیا ہے، پی پی پی، مسلم لیگ ن، مسلم لیگ ق، تحریک انصاف، ایم کیو ایم اور دفاع پاکستان کونسل کے بعد جے یو آئی نے بھی جنوبی پنجاب کو سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنادیا ہے اور آئندہ انتخابات میں جنوبی پنجاب سے پارلیمانی نمائندگی حاصل کرنے کیلئے بھرپور تیاریاں کی جارہی ہیں، ملتان سے ڈیرہ غازی خان تک روڈ کارواں، ڈیرہ غازی خان میں ایک بڑا جلسہ عام، بہاولپور اور رحیم یار خان، سرگودھا اور حضرو اٹک میں بڑی سطح پر عوامی کانفرنس منعقد کرنے کے بعدآج 2 دسمبر کوعلی پور مظفر گڑھ اور 11 دسمبر کو تونسہ شریف ڈی جی خان میں اسلام زندہ باد کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے بعد میانوالی، بھکر، جھنگ، قصور، بہاولنگر میں بھی عوامی قوت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ جبکہ سرائیکی وسیب کے دیرینہ مطالبے سرائیکی صوبہ کے قیام اور بہاولپور صوبہ کی بحالی کی حمایت کرکے جے یو آئی نے سرائیکی عوام کی حمایت حاصل کرنے کی بھی کوشش کی ہے، 2002اور 2008 کے عام انتخابات میں جنوبی پنجاب کے بعض انتخابی حلقوں میں جے یو آئی کے امیدواروں نے نمایاں ووٹ حاصل کئے تھے، ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب میں جے یو آئی کی بڑھتی ہوئی سیاسی سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے کالعدم سپاہ صحابہ کے بعض سابق اہم رہنمائوں نے جے یو آئی میں شمولیت کا اعلان بھی کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 216993
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش